Aaj News

پیر, فروری 17, 2025  
18 Shaban 1446  

امریکا سے بے وفا عاشق کی تلاش میں آنے والی خاتون کراچی پولیس کیلئے دردِ سر بن گئی

پولیس نے خاتون کو ویمن تھانے منتقل کیا تاہم شور شرابے پر پولیس نے خاتون کو دوبارہ گارڈن کے اپارٹمنٹ پہنچا دیا
شائع 30 جنوری 2025 08:26am

امریکا سے بے وفا عاشق کی تلاش میں آنے والی خاتون کراچی پولیس کے لیے دردِ سر بن گئی، پولیس نے خاتون کو ویمن تھانے منتقل کیا تاہم شور شرابے پر پولیس نے خاتون کو دوبارہ گارڈن کے اپارٹمنٹ پہنچا دیا جبکہ عوام کی بڑی تعداد بھی پہنچ گئی، اونیجا نے فلیٹس کی پارکنگ میں شام سے دھرنا دے رکھا تھا، خاتون نے 20 ہزار ڈالر اور پاکستانی شہریت کا مطالبہ کردیا، پہلے 5 ہزار ڈالر مانگے تھا۔

پاکستانی نوجوان کی محبت میں امریکا سے آنے والی خاتون کو ایک بار پھر پولیس گارڈن کے فلیٹ لے آئی، پولیس نے خاتون کو ویمن تھانے پہنچایا تاہم شورشرابے پر مجبوراً دوبارہ فلیٹ پہنچا دیا۔

خاتون نے پہلے ائیرپورٹ پر ہنگامہ کیا اور پھر گارڈن میں لڑکے کے فلیٹ پر پہنچ گئی جبکہ لڑکا ابھی تک منظر سے غائب ہے۔

عشق گلے پڑا تو دیوانہ رفوچکر ہوگیا، خاتون نے بھی سب کو چکرادیا، پہلے امریکا کی فلائٹ چھوڑی اور پھر لڑکے کے گھرجاپہنچی، فلیٹ پر تالا دیکھا تو پارکنگ ایریا میں دھرنا دے دیا، صحافیوں نے آنے کا سبب پوچھا توغصے میں آگئی۔

آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی خاتون نے کہا کہ یہاں رہنے آئی ہوں، پیار نہ ملنے پرپیارکی قیمت لگادی۔ حکام کے مطابق خاتون اکتوبر سے پاکستان میں موجود ہے۔

امریکی سفارتی ذرائع نے تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ صورت حال سے آگاہ ہیں، پرائیویسی قوانین کی وجہ سے مزید بات نہیں کی جاسکتی۔

دوسری جانب اے ایس پی ڈیفنس فائرہ سوڈھرکا کہنا ہےکہ خاتون ذہنی طورپرٹھیک نہیں ہیں، ہم اسے محفوظ مقام پرلے جا رہے ہیں۔ محفوظ مقام پرپہنچ جائےگی توکچھ بات کرسکیں گے۔

اے ایس پی ڈیفنس فائرہ سوڈھرنے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ امریکی خاتون کے لیےسیکیورٹی معاملہ ہے، خاتون ذہنی طور پر ٹھیک نہیں ہے، وہ تنہا خاتون ہے ہم اسے سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔

فائرہ سوڈھرنے میڈیا کو بتایا کہ ہم اسے تحفظ فراہم کرنے آئے ہیں، وہ ہماری مہمان ہیں ان کا تحفظ کر رہے ہیں۔

امریکی خاتون شادی کا وعدہ کرنے والے لڑکے کی تلاش میں گارڈن میں قائم علی آرکائیڈ نامی عمارت میں پہنچ گئی تھیں۔ امریکی خاتون اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں بیٹھ گئیں جہاں انھیں اپارٹمنٹ کی یونین کی جانب سے واپس جانےکا کہا گیا لیکن امریکی خاتون نے واپس جانے سے انکار کیا۔

پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتارامریکی خاتون نے امریکا واپس جانےسے انکارکیا اور بضد تھیں کہ جس لڑکے کی خاطروہ پاکستان آئیں اس سے ان کی ملاقات کرائی جائے۔

امریکی خاتون اونیا اینڈریو رابنسن نےآج نیوزسےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان میں رہنےآئی ہوں، مجھے نہیں پتہ میں امریکی ہوں کہ نہیں۔

انھوں نے نمائندہ آج نیوز کو بتایا کہ مجھے پاکستان کی شہریت چاہئے، میں اسپتال نہیں جاؤں گی۔ مجھے میرے ڈالرزواپس دلوائے جائیں۔

اس سے قبل وزارت داخلہ کی جانب سے امریکی خاتون اونیا اینڈریورابنسن کوامریکا واپس بھیجنے کیلئے قطرائیرکی صبح 10 بجے کی پروازمیں ٹکٹ کرایا گیا تھا۔

امیگریشن ذرائع نے تصدیق کی کہ امریکی خاتون مسافرنے واپس جانے سےانکار کردیا ہےاور پرواز ساڑھے 10 بجے روانہ ہوگئی۔

واضح رہے کہ کراچی کے احمد میمن نوجوان نے امریکی خاتون کو اپنی محبت میں گرفتارکرکے پاکستان بلایا تھا، لیکن جب والدین نے اپنی عمر سے بڑی خاتون کو دیکھا تو شادی سے انکار کردیا۔ والدین کی ناراضی پرنوجوان خاتون کو چکمہ دے کرغائب ہوگیا، جس سے خاتون سکتے کی حالت میں آگئی اور کراچی ائیرپورٹ پر پھنس کررہ گئیں۔

کراچی کےعلاقے گارڈن ویسٹ سے تعلق رکھنے والے 19 سال کے لڑکے نے امریکی خاتون کو اپنی محبت کے جال میں پھنسا کرپاکستان بلایا، امریکی خاتون احمد میمن نامی نوجوان کی محبت میں 11 اکتوبر 2024 کو کراچی پہنچیں۔

تینتیس سالہ امریکی خاتون کا نام اونیا اینڈریورابنسن ہےاوران کا تعلق امریکا کی ریاست نیویارک سے ہے۔

خاتون جب کراچی پہنچیں تو لڑکے کے والدین یہ جان کر حیران رہ گئے کہ ان کے بیٹے نے جسے پسند کیا ہے وہ ان کے بیٹےسےعمرمیں تقریباً دوگنا بڑی ہے، شوہرسے طلاق لےکرآئی ہےاوردو بچوں کی ماں بھی ہے۔

پولیس کے مطابق سات روزسے خاتون کراچی ائیرپورٹ پربے آسرا موجود تھیں اورویزہ ایکسپائرہوجانے کی وجہ سے کراچی میں پھنس گئی تھیں۔

اطلاع ملنے پرمقامی پولیس نے خاتون کو واپس امریکا بھیجنے کے لیے امریکی قونصل خانےکراچی سے رابطہ کیا۔ امریکی قونصل خانے سے پولیس نے رابطہ کیا، لیکن معاملے پرامریکی قونصل خانے نے کوئی جواب نہیں دیا۔ جس کے بعد وزارت داخلہ نے خاتون کیلئے ٹکٹ کا بندوبست کیا۔

این جی اونے خاتون کی امریکہ واپسی کیلئے ٹکٹ دیا تھا اورمالی مدد بھی کی تھی، خاتون کو سردی اور فلوکی وجہ سے ایئرپورٹ کے ایمرجنسی کلینک میں داخل کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق خاتون کو سیکیورٹی اداروں کی مدد سے پندرہ دن کا ویزہ فراہم کرکے دوبارہ امریکا بھیجنے کی تیاری کی گئی تھی۔

حکام کا کہنا تھا کہ خاتون کی جانب سے لڑکے کے خلاف کارروائی کیلئے کوئی درخواست نہیں دی گئی۔ مذکورہ خاتون سے کراچی ائیرپورٹ پرامریکی قونصل خانے کی دو رکنی ٹیم نے ان سے ملاقات کی،

امریکی قونصل خانے کی ٹیم نے ائیرپورٹ حکام کوبتایا کہ اگرخاتون مسافرنہ جانا چاہے تو زبردستی نہیں کرسکتے، اس طرح زبردستی خاتون کو کراچی سے امریکا بھیجنا غیرقانونی ہوگا۔

قونصل خانے کی ٹیم نے بتایا کہ اگرہم نے کراچی سےامریکا زبردستی بھیجا تو وہاں یہ امریکی حکومت اور قونصل خانے کے خلاف کیس دائر کرے گی۔ کوشش یہی ہےکہ خاتون اونیا کوراضی کرکے امریکا واپس بھیجا جائے۔

US Woman Stuck in Karachi