Aaj News

جمعرات, مئ 01, 2025  
04 Dhul-Qadah 1446  

اڈیالہ جیل تو بہت اہم جگہ ہے، جج کے لاپتہ افراد کیس میں مسکراتے ہوئے ریمارکس

عدالت نے 10 لاپتہ افراد سےمتعلق رپورٹس ایڈووکیٹ جنرل اور اٹارنی جنرل سےطلب کرلی
شائع 17 جنوری 2025 02:41pm

پشاور ہائیکورٹ میں 13 لاپتہ افراد سے متعلق کیسز کی سماعت کے دوران 3 لاپتہ افراد کی رپورٹس عدالت میں جمع کرا دی گئی جبکہ 10 افراد کی رپورٹس طلب کرلی گئیں، سماعت کے دوران چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اڈیالہ جیل تو بہت اہم جگہ ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے 13 لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کی، جس سلسلے میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل انعام یوسفزئی اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عبید اللہ انور عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت 3 لاپتہ افراد کی رپورٹس عدالت میں پیش کی گئی جبکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وسیم اللہ کی گرفتاری مردان سینٹرل جیل میں ظاہر کی گئی اور محمد سلیم کی گرفتاری اڈیالہ جیل میں ظاہر کی گئی۔

اس پر چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ تو بہت اہم جگہ ہے، یہ شکر کریں کہ گرفتاری تو ظاہر کی گئی۔

اس دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ محمد حسین کی رپورٹ آئی ہے وہ اداروں کے پاس نہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ محمد حسین کے خاندان والے کسی پر ایف آئی آر درج کرنا چاہتے ہیں تو کروالیں۔

بعد ازاں عدالت نے 10 لاپتہ افراد سے متعلق رپورٹس ایڈووکیٹ جنرل اور اٹارنی جنرل سے طلب کرلی۔

missing person case

Peshawar High Court

justice ishtiaq ibrahim