Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
15 Rajab 1446  

مونس الہٰی کو قتل کے مقدمے میں بڑا ریلیف مل گیا

پی ٹی آئی رہنما کے خلاف گجرات میں درج قتل کا مقدمہ جھوٹا ثابت ہوگیا
شائع 15 جنوری 2025 08:16pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مونس الہٰی کے خلاف گجرات میں درج قتل کا مقدمہ جھوٹا ثابت ہوگیا، عدالت نے مدعی اور گواہان کے بیانات حلفی کے بعد مونس الہٰی کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

گجرات کے سیشن مجسٹریٹ سیف اللہ تارڑ نے مونس الہٰی کی والدہ بیگم قیصرہ الہٰی کی جانب سے اشتہاری قرار دینے کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران مقدمے کے مدعی محمد اکرم اور گواہان محمد اسجد اور سجاد اشرف نے عدالت میں اپنے بیان حلفی جمع کروا دیے اور مدعی محمد اکرم نے عدالت میں بیان میں دیا کہ مونس الہٰی پر ہم نے کبھی کوئی الزام نہیں لگایا۔

مدعی کا کہنا تھا کہ مونس الہٰی کا اس مقدمے سے کوئی تعلق یا واسطہ نہیں ہے، ہم اس معاملے میں مونس الہٰی کے خلاف کارروائی کا کوئی عندیہ نہیں رکھتے ہیں۔

منی لانڈرنگ کیس: مونس الہٰی کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم، جائیدادیں بھی ضبط

منی لانڈرنگ کیس: عدالتی احکامات پر مونس الہٰی کا شناختی کارڈ بلاک

محمد اکرم نے یہ بھی کہا کہ پولیس نے وارنٹ غیرقانونی طور پر حاصل کیا لہذامونس الہٰی کے خلاف وارنٹ گرفتاری معطل کیا جائے۔

عدالت نے مدعی اور گواہان کے بیانات حلفی کے بعد مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا جبکہ ایڈیشنل سیشن جج گجرات نے نظرثانی کے لیے معاملہ واپس اسی عدالت کو واپس بھجوا دیا۔

مونس الٰہی کی والدہ قیصرہ الٰہی نے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی، درخواست گزار کے مطابق مذکورہ مقدمے کا اندراج 29 جون 2023 کو ہوا جبکہ مونس الہٰی 28 دسمبر 2022 سے بیرون ملک مقیم ہیں، بدنیتی کی وجہ سے مونس الہٰی کو اس کیس میں شامل اور بعد ازاں اشتہاری قرار دیا گیا۔

Gujrat

Moonis Elahi

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)