یومِ علی کے موقع پر گرین لائن سروس بھی معطل، آج کراچی کی کونسی سڑکیں بند ہوں گی؟
کراچی میں آج حضرت علی رضی اللہُ تعالیٰ عنہُ کے یوم ولادت کے پیش نظر متعدد جلوس نکالے جائیں، جس کے باعث متعدد سڑکیں بند ہوں گی۔یوم علی کے موقع گرین لائن سروس بھی ایک روز کیلئے بند کردی گئی ہے۔
حضرت علی رضی اللہُ تعالیٰ عنہُ کے یوم ولادت کا جلوس غفور چیمبر صدر سے نکالا جائے گا، شام چار بجے نکالا جانے والا یہ جلوس محفل شاہ خراساں پر اختتام پزیر ہوگا۔
اس دوران ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر سے گرومندر چوک اور اطراف کی سڑکیں بند رہیں گی۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق بہادر یار جنگ روڈ ٹریفک کیلئے کھلا رہے گا۔
شہریوں کو گرومندر سے ٹاور جانے والے سولجر بازار نمبر ایک سگنل کوسٹ گارڈ، انکل سریا سگنل کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شاہراہ قائدین سوسائٹی سگنل سے آگے ٹریفک کیلئے بند ہوگی، سوسائٹی لائٹ سگنل سے ٹریفک کو دائیں جانب بھیجا جائے گا، سوسائٹی لائٹ سگنل سے خداد کالونی برج والا راستہ ایمپریس مارکیٹ کی جانب کھلا رہے گا۔
فریسکو سے نمائش جانے کیلئے عیدگاہ چوک، دلپسند مٹھائی سے ٹریفک کو موڑا جارہا ہے، شہری ڈاکخانہ سے جوبلی، نشتر روڈ یا تبت سینٹر سے ریگل چوک کا راستہ اختیار کریں۔
فوارہ چوک عبداللہ ہارون روڈ سے ٹریفک پیراڈائز سگنل سے پاسپورٹ آفس موڑا جارہا ہے، شہری ایمپریس مارکیٹ کا راستہ اختیار کریں۔
گارڈن باغیچہ سے آغا خان سوئم روڈ کی ٹریفک کو انکل سریا موڑا جارہا ہے، شہریوں کو گل پلازہ اور تبت چوک کی جانب راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہری نیو ایم اے جناح روڈ صدر دواخانہ سے پی پی چورنگی کا راستہ اختیار کریں۔