Aaj News

اتوار, جنوری 12, 2025  
11 Rajab 1446  

خیبرپختونخوا میں آبادی کے ایک تہائی سے زائد نوجوان خودکشی کا کیوں سوچ رہے ہیں

دس ماہ میں تیس خودکشی کے کیس رپورٹ
شائع 12 جنوری 2025 09:08am

نوجوانوں کو درپیش معاشی، معاشرتی مسائل اور ذہنی دباؤ خیبرپختونخوا میں آبادی کے ایک تہائی سے زائد نوجوان زندگی کا چراغ گل کرنے لگے۔ پولیس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دس ماہ میں تیس خودکشی کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

معاشرتی بگاڑ ، ذہنی تناؤ اور تشدد کے باعث خیبر پختونخوا کے شہریوں پر سنگین نفسیاتی اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔

بنیادی انسانی حقوق کے اعداد شمار کے مطابق صوبے میں خودکشی کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں سوات اور چترال سر فہرست ہیں، جس کی اصل وجہ گھریلو تشدد، خواتین میں شادی نہ ہونی کی شرح کا بڑھ جانا یا پھر پسند کی شادی سے جڑے مسائل ہیں۔

خیبر پختونخوا پولیس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دس ماہ میں خودکشی، قتل کو خود کشی کا رنگ دینا اور خودکشی کی کوشش کے 30 کیس رپورٹ ہوئے۔

ماہر نفسیات ڈاکٹر خالد مفتی کے مطابق بعض اوقات خود کشیوں کی معاشی وجوہات بھی ہوتی ہیں لیکن موجودہ دور میں نوجوانوں میں موبائل کا زیادہ استعمال، احساس کمتری کی وجہ سے ذہنی تناؤ اور زندگی کے معاملات میں ناکامی خودکشی کے بنیادی اسباب میں شامل ہے۔

ماہرین کے مطابق مسائل چاہے سماجی ہوں، معاشی ہوں یا پھرگھریلو، خودکشی جیسے انتہائی قدم کرنے اٹھانے والے افراد ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں اور ایسے میں کسی نفسیاتی سپورٹ یا حوصلے کا نہ ملنا خودکشی جیسے قدم پر جا کر رکتا ہے۔ جس سے بچنے کے لئے ایسے مریضوں کو بروقت رہنمائی، علاج اور بہتر معالج مل جائیں تو وہ خود کشی کے انتہائی اقدام اٹھانے سے بچ جاتے ہیں۔

آپ تنہا نہیں، مدد دستیاب ہے

ذہنی دباؤ اور پریشانی آج کی تیز رفتار زندگی میں بہت عام ہے۔ مشکلات سے نمٹنے کیلئے ہر انسان کو سہارے، اچھے مشورے اور رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ براہ کرم آپ ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔

  • اگر آپ اداس محسوس کر رہے ہیں۔ آپ تنگ ماحول میں کام کرنے کی وجہ سے تناؤ محسوس کر رہے ہیں۔

  • کسی بھی بیماری کی وجہ سے پریشانی محسوس کر رہے ہیں یا حال میں آپ کوئی ذہنی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔

  • آپ کے ڈاکٹر نے آپ کو کونسلنگ لینے کا مشورہ دیا ہے، آپ محسوس کر رہے ہیں کہ آپ کیفیت کو کوئی نہیں سمجھ رہا ہے۔

آپ درج ذیل ہیلپ لائنز سے رابطہ کرسکتے ہیں اور ان سے بات کرسکتے ہیں۔

  • مائنڈ آرگنائزیشن: 35761999 042

  • امنگ: 4288665 0317

  • ٹاک ٹومی ڈاٹ پی کے: 4065139 0333

  • بات کرو: 5743344 0335

  • تسکین: 5267936 0332

  • روح: 3337664 0333

  • روزن: 22444 0800

  • اوپن کونسلنگ 35761999 042

یہاں یہ بات اہم ہے کہ آپ کو کیا کرنا چاہیے۔ اگر آپ کا کوئی جاننے والا فرد خودکشی کرنے کی کوشش کرتا ہے یا کسی بھی طرح کی علامات ظاہر کرتا ہے، تو براہ کرم درج ذیل ہدایات پرلازمی عمل کریں۔

  • اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں کہ انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔

  • ایسی چیزوں کو اِن کے پاس سے ہٹا دیں جس سے وہ خود کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

  • ایسے فرد کو طبی یا ذہنی صحت کے ماہر سے مدد لینے کے لیے اس کی حوصلہ افزائی کریں۔

Suicide

Suicide Thoughts

KPK Youth Disappointed