Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
07 Rajab 1446  

وزیر اعظم کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنانے کا حکم

انسانی اسمگلروں کی جائدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کیلئے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، شہباز شریف
شائع 06 جنوری 2025 05:14pm

وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کو سراہتے ہوئے انسانی اسمگلرز کی جائیدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لیے فوری قانونی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا اور ہدایت کی کہ ملک میں تمام انسانی اسمگلنگ کے گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ملک میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف کے لیے لیے گئے اقدامات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف لیے گئے حالیہ اقدامات پر ایف آئی اے کی کارکردگی کو سراہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے، انسانی اسمگلرز کے خلاف تادیبی کارروائی کے بعد سخت تعزیری کارروائی بھی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔

وزیراعظم کی ایک ہفتے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی ہدایت

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی اسمگلروں کی جائدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لیے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے، استغاثہ کے لیے وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلیٰ ترین درجے کے وکلاء تعینات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندہ چلانے والے پاکستانیوں کے لیے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور انکی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات اٹھائے، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کے لیے صرف قانونی راستے اختیار کرنے کی، آگاہی مہم چلائے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک میں ایسے ٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کی ترویج کی جائے جو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سرٹیفائیڈ پیشہ ور افراد بیرون ملک مارکیٹ کو فراہم کرسکیں ، ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والے افراد کی سکریننگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات، سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی پیشرفت اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

واضح رہے کہ یونان اور لیبیا میں کشتی حادثوں کے نتیجے میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے متعدد پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے، اس کے بعد وزیر اعظم نے ایف آئی اے کو سخت کارروائی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سے درجنوں انسانی اسمگلرز گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران اپنے محکمہ کے افسران اور سرکاری عہدیداروں کے خلاف بھی ایکشن لیا ہے ۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

Human Smuggling

Smugglers