ڈپٹی کمشنر کرم جاوید محسود تبدیل، محمد اشفاق نئے ڈی سی تعینات
لوئر کرم کے علاقے بگن میں شدت پسندوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید محسود کی جگہ تعیناتی کے منتظر سرکاری افسر محمد اشفاق کو نیا ڈپٹی کمشنر تعینات کر دیا گیاجبکہ ان کی تعیناتی کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کرم میں انتظامی امور چلانے کے لیے فوری طور پر گریڈ 18 کے سرکاری افسر اشفاق خان کو ڈپٹی کمشنر کرم تعینات کردیا گیا، خیبر پختونخوا کے اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر شدت پسندوں کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود اور 3 سیکیورٹی اہل کار زخمی ہوگئے تھے۔
فائرنگ کا نشانہ بننے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کو زخمی حالت میں تحصیل لوئر علیزئی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ انہیں ایک گولی کندھے اور دو ٹانگوں پر لگی تھیں۔
لوئر کرم میں گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ، صدر، وزیراعظم، وزیر داخلہ کا اظہار مذمت
کرم میں امن معاہدے کے باوجود داخلی و خارجی راستے آج بھی بند، سڑکیں کھولنے کیلئے احتجاجی دھرنا جاری
پارا چنار میں طوری بنگش قبائل کا جرگہ، ڈی سی پر حملے کی مذمت
دوسری جانب، سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کرکے ڈپٹی کمشنر اور 3 سیکیورٹی اہل کاروں کو زخمی کرنے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گری (سی ٹی ڈی) میں درج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
گزشتہ روز کرم میں ڈپٹی کمشنر کے قافلے پر حملے کے حوالے سے تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا امن معاہدے کے تحت ادویات اور اشیائے خور و نوش پر مشتمل سامان کا پہلا قافلہ کرم کے لیے روانہ ہوا تھا، جس کے بعد افسوس ناک واقعہ صبح 10 بج کر 35 منٹ کے قریب پیش آیا۔