کراچی میں دھرنے ختم نہیں مؤخر کر رہے ہیں، پوری کرم ایجنسی میں فوجی آپریشن کیا جائے، مولانا اورنگزیب فاروقی
کراچی میں ایک طرف مجلس وحدت المسلمین نے کرم کی صورت حال پر جارے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے تو دوسری جانب اہل سنت والجماعت کا مرکزی عوامی دھرنا لسبیلہ چوک پر جاری ہے۔
لسبیلہ چوک پر اہل سنت والجماعت کے مرکزی رہنماؤں نے اہم پریس کانفرنس کی، مرکزی صدر اہل سنت والجماعت پاکستان مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ ہمارے دھرنوں کا مقصد پارا چنار کرم کا مسئلہ تھا، ہمیں تو پہلے یہ سوچنا چاہیے کہ کرم میں ظالم کون اور مظلوم کون ہے۔
کرم میں نئی پولیس پوسٹوں سمیت دو ایف سی پلاٹون تعینات کی جائیں گی، بیرسٹر سیف
مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ کرم ایجنسی میں تین سب ڈویژن ہیں، دو سب ڈویژن میں اہل سنت برادری کی بڑی تعداد موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تک اپر کرم میں فوجی آپریشن نہیں ہوا، کرم ایجنسی میں بشیرہ گاؤں ہے جہاں شدت پسندوں نے حملہ کیا، ہمارے بچوں، عورتوں اور نوجوانوں کو قتل کیا گیا، ہمارے کانوائے پر حملہ کیا گیا، بگن گاؤں کو پورا جلا دیا گیا، بگن گاؤں کو لوٹا گیا، بچوں کو ذبح کیا گیا، عورتوں کی عزتوں کو لوٹا گیا، کرم ایجنسی میں مساجد کو جلایا گیا، قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی۔
مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ میں صحافیوں کو دعوت دیتا ہوں، آئیں میرے ساتھ کرم ایجنسی چلیں۔
کرم کے معاملے پر گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کردیے
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ کرم ایجنسی سے اسلحہ جمع کیا جائے، کچھ لوگوں نے وہ اسلحہ دینے سے انکار کردیا اور اپنے آپ کو مظلوم ظاہر کیا، شہر کراچی بند کردیا، لوگوں کی زندگی مفلوج کردی، کچھ لوگوں نے غیر ملکی اسلحہ چھپانے کے لیے دھرنوں کی آڑ لی، میں کہتا ہوں یہ ملک کو بدنام کرنے کے لیے پوری سوچی سمجھی سازش ہے، یہ لوگ پاکستان کو عراق اور شام بنانا چاہتے ہیں۔
کرم امن معاہدے پر دستخط کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اعلان
مولانا اورنگزیب فاروقی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی اور خیبرپختونخوا حکومت میں شامل مجلس وحدت المسلمین نے کراچی کو جام کیا، کراچی لاوارث نہیں کسی کو بدمعاشی کی اجازت نہیں دیں گے، شام کی تنظیم کے جھنڈے پارہ چنار میں لہرائے گئے، کراچی میں دھرنے ختم نہیں مؤخر کر رہے ہیں۔
مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی پرچم کو پاؤں تلے روندا، ہمارے بزرگوں نے اس ملک پاکستان کو بڑی قربانیاں دینے کے بعد حاصل کیا، ایم کیو ایم کے لوگوں نے پاکستان کے پرچم کی بے حرمتی کی، پی ٹی آئی نے نو مئی کو پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی، جنہوں نے اس ملک سے غداری کی آج ملک میں ان کا حال کیا وہ پاکستانی عوام کے سامنے ہے، انہوں نے پاکستان میں غیر ملکی کالعدم تنظیموں کے پرچم لہرایا ہے، انہوں نے اس ملک پاکستان سے غداری کی ہے۔
سربراہ اہل سنت والجماعت نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے پوری کرم ایجنسی میں فوجی آپریشن کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں تین دن سے ہونے والے دھرنے مؤخر کر رہا ہوں، اگر کسی نے شہر میں امن برباد کرنے کی سازش کی تو یاد رکھیے وہ ہمارا سامنا کریں گے، میں مطالبہ کرتا ہوں کراچی سے دھرنا سسٹم ختم کیا جائے، میں اعلان کرتا ہوں اگر کسی نے دھرنوں کی آڑ لے کر سیاست کی کوشش کی اس کو ہمارا سامنا کرنا ہوگا، ہماری معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ریاست سے مطالبہ کرتا ہوں کرم ایجنسی کو اسلحے سے پاک کیا جائے، کرم ایجنسی میں فوجی آپریشن کیا جائے تاکہ امن و امان قائم رکھ سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کا تعلق ایران سے ہے، شام و عراق میں بھی ایرانی دہشت گردوں نے ملک برباد کیا، ہم مطالبہ کرتے ہیں پاکستان کو ایرانی دہشت گردوں سے پاک کیا جائے اور کرم ایجنسی کے بگن، پارا چنار، بشیرہ گاؤں میں امداد فراہم کی جائے۔