Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری، کون سے فیصلے ہوئے؟

وفاقی کابینہ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی محاذ پر اس بڑی کامیابی کو سراہا
شائع 01 جنوری 2025 09:14pm

وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

کابینہ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کا اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر دو سالہ مدت کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی وفاقی کابینہ نے سفارتی محاذ پر اس بڑی کامیابی کو سراہا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گوادر بندرگاہ سے پچھلے 3 ماہ میں پبلک سیکٹر درآمدات کی تفصیلات اگلے اجلاس میں پیش کی جائیں۔

اجلاس میں کابینہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (ری آرگنائزیشن) ایکٹ کے سیکشن 3 (7) میں ترامیم پر قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی جبکہ وزارت اطلاعات کی جانب سے انفارمیشن گروپ کے افسران کی بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں تعیناتی کے حوالے سے قوائد و ضوابط کی منظوری کی سفارش کر دی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ان قواعد و ضوابط کے نتیجے میں بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں تعیناتی کے عمل کو مزید شفاف اور میرٹ پر مبنی بنایا جا سکے گا، کابینہ نے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ٹھٹھہ کی رجسٹریشن/شناخت کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں زندگی بچانے والے میڈیکل آلات کی قیمتوں کی تعین کیلئے کمیٹی کی تشکیل نو، نیشنل فوڈ سیفٹی، اینیمل اینڈ پلانٹ ہیلتھ اتھارٹی بل کو پارلیمنٹ بھیجنے کی منظوری دے دی۔

اسی طرح کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 17 دسمبر کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق اور سٹیزن شپ ایکٹ میں ترامیم کی توثیق مؤخر جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 18 دسمبر کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی ادارہ جات کی 24 دسمبر2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی توثیق کردی۔

federal cabinet

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif