پاکستانی خواتین میں سرطان سمیت دیگر جان لیوا بیماریوں میں اضافہ
پاکستان میں گزشتہ چند برسوں کے دوران خواتین میں جان لیوا بیماریوں، خصوصاً چھاتی کے کینسر کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ دو سالوں کے دوران چھاتی اور دیگر اقسام کے کینسر کے کیسز میں 10 سے 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کینسر ایک جان لیوا بیماری ہے جو جسم کے کسی بھی حصے کو متاثر کر سکتی ہے اور بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں خطرناک شکل اختیار کر لیتی ہے۔
چھاتی اور گلے کے کینسر سے لڑنے والی حمیدہ خاتون نے بتایا کہ 40 سال کی عمر سے ہی خواتین میں اس بیماری کے جراثیم جسم کے اندرونی حصوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ تاہم، اگر بروقت تشخیص ہو جائے تو اس کا علاج ممکن ہے۔
حمیدہ خاتون کے مطابق 30 سال سے کم عمر لڑکیاں بھی کینسر جیسی بیماری کا شکار ہورہی ہیں جبکہ اس سے پہلے اس عمر میں محفوظ اس بیماری سے محفوظ سمجھا جاتا تھا۔
ڈاکٹر عروج نے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران 40 سال سے زائد عمر کی خواتین میں اس بیماری کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ مسئلہ عمر کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔
کنسلٹنٹ گائناکولوجسٹ ڈاکٹرعروج ناز کا کہنا ہے کہ خواتین میں چھاتی اور رحم کے کینسر کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ بیماری نہ صرف بڑی عمر کی خواتین بلکہ نوجوان لڑکیوں کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ ڈاکٹر عروج نے مزید بتایا کہ خواتین میں کینسر اب بدقسمتی سے بیماریوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ چکا ہے، اور یہ رجحان تشویشناک ہے۔
ڈاکٹر عروج کا کہنا ہے کہ کینسر کو اب جینیاتی بیماری بھی سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم، پاکستان میں اس بیماری کی اسکریننگ کے لیے کوئی مؤثر پروگرام موجود نہیں ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ بروقت تشخیص، آگاہی، اور مناسب علاج کے ذریعے اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔
پاکستان میں خواتین میں کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز ایک سنگین مسئلہ یے لہٰذا فوری توجہ اور اقدامات کی ضرورت ہے۔ آگاہی پروگرامز کے ذریعے اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کی شدید ضرورت ہے۔