گرینڈ جرگہ 9 گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم، حتمی فیصلے تک نہ پہنچ سکا
ضلع کرم کے حوالے سے گرینڈ جرگہ 9 گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا، طویل جرگہ حتمی فیصلے تک نہ پہنچ سکا، جرگہ ممبران نے کہا کہ کمشنر کوہاٹ صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، آج معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔
کمشنر کوہاٹ معتصم بااللہ نے کہا ہے کہ لاکھوں قبائل کا سوال ہے، تمام جرگہ ممبران کے تحفظات دور ہونے پر ہی مضبوط اور پائیدار معاہدہ طے ہو پائے گا۔
انہوں نے کہا کہ علاقہ مکین گزشتہ 82 روز سے خوراک ، ایندھن اور ادویات سے محروم ہیں، تمام عمائدین کرم معاہدے کی تمام شکوں پر متفق ہوجائیں گے، جرگہ ممبران اور ہماری کوشش ہے معاہدے پر دستخط آج ہی ہو جائیں۔
دوسری جانب ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت متعدد راستے 82 ویں روز بھی آمد و رفت کیلئے بند ہیں تو دوسری جانب کرم کی صورتحال پر فریقین کے درمیان ڈیڈ لاک ختم ہوچکا ، مشران نے دستخط کر لیے ہیں، ایک فریق کے چند افراد دستخط کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اسلحہ قومی مشران کے پاس جمع کرانے پر ایک فریق کے تحفظات ہیں۔ فریق کا مطالبہ ہے کہ اسلحہ دونوں جانب سے حکومت کے پاس جمع کرانا ہوگا، ایپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر ہی عمل کیا جائے۔
جمعہ کو بھی کوہاٹ میں منعقدہ جرگہ کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا تھا۔ ترجمان صوبائی حکومت بیرسٹر محمد علی سیف کے مطابق جرگے میں آج مزید افراد شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا کردار ثالث کا ہے، ٹاسک فورس بھی بنائی ہے، ایک فریق نے وقت مانگا تھا وہ دوبارہ واپس آگیا ہے۔ جرگے کا بنیادی مقصد اسلحہ اور بھاری ہتھیار واپس کرنا تھا، معاہدے کے بعد سڑک کھول دی جائے گی۔
خیال رہے کہ ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت متعدد راستے آمد و رفت کیلئے بند ہونے سے پاراچنار شہر سمیت اپر کرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اشیائے ضروریہ نہ ملنے کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، شہری فاقوں پر مجبور ہیں، شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کاروباری مراکز پچھلے تین ہفتوں سے بند ہیں۔
مردہ خانہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اموات کے باعث پاراچنار میں کفن ختم ہوگئے ہیں۔ بارڈر سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک افغان خرلاچی بارڈر بھی ہر قسم تجارت و آمد و رفت کیلئے بند ہے۔
راستوں کی بندش کے خلاف خلاف کرم پریس کلب کے باہر دھرنا آج نویں روز بھی جاری ہے، دھرنے میں ہزاروں افراد شریک ہیں، جن میں بوڑھے، بچے اور جوان شامل ہیں۔
ضلع کے چار مزید مقامات پر دھرنا جاری ہے جو پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے پاراچنار نہیں جا سکتے۔ شرکا کا کہنا ہے کہ مطالبات نہ ماننے تک دھرنا جاری رہے گا۔
کراچی میں دھرنے
دوسری جانب کراچی کے مخلتلف علاقوں میں کرم اور پارا چنار کی صورتحال پر دھرنے جاری ہیں۔
دھرنوں کی وجہ سے شارع فیصل سے ائیرپورٹ جانے والی شاہراہ دونوں اطراف سے بند ہے، جس سے مسافر پریشان ہیں، نمائش سے گرومندر آنے والی سڑک بھی احتجاجی کمیپ کی وجہ سے بند ہے، جبکہ گولیمار پر دھرنے کے باعث لسبیلہ سے گولیمار کی جانب جانے والا روڈ بند کیا گیا ہے۔
ترجمان کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے، ایم اے جناح روڈ ، نوائے وقت چورنگی، نمائش چورنگی اور شاہراہ قائدین سے ایم اے جناح روڈ جانے والی شاہراہ پر ٹریفک بحال ہوگئی ہے۔