Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: گھر سے 5 بے ہوش افراد برآمد، ایک جاں بحق، دو کی حالت تشویش ناک

خون کے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹ کے لئے بھیجے ہیں، انچارج شعبہ حادثات جناح اسپتال
شائع 24 دسمبر 2024 02:24pm

کراچی کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر ڈبلیو 22 اسٹاپ کے قریب لاسی پاڑہ میں ایک گھر سے خاتون سمیت پانچ افراد بے ہوشی کی حالت میں ملے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 60 سالہ شاہین کے نام سے ہوئی ہے، جو بے ہوش ہونے والے دیگر افراد میں شامل فاروق کا والد تھا۔

فاروق کے علاوہ متاثرین میں اس کی اہلیہ 30 سالہ ریحانہ فاروق، ان کا ڈیڑھ سالہ بیٹا ہنزلہ اور فاروق کے دو بھائی عمیر اور نعمان شامل ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق شبہہ ہے کہ متاثرین کو کوئی زہریلی چیز کھلائی گئی ہو یا رات کے وقت گھر میں دھواں بھرنے کی وجہ سے ان کی حالت خراب ہوئی ہو۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مزید دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ڈاکٹرز کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

پولیس اور طبی حکام واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

انچارج شعبہ حادثات جناح اسپتال ڈاکٹر عرفان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ساڑھے بارہ بجے چار مریض ہمارے پاس لائے گئے،ان چار میں سے ایک مرد کا انتقال ہوچکا تھا۔

ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق ایک مریض کی طبیعت بہتر نہیں دو مریضوں کی حالت بہتر ہے جن میں ایک خاتون اور دو مرد ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خون کے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹ کے لئے بھیجے ہیں، جن کی رپورٹس کا آنا باقی ہے۔

karachi