Aaj News

جمعہ, دسمبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرم میں راستوں کی بندش کیخلاف احتجاج، تمام تعلیمی ادارے بند

پنجاب حکومت کی جانب سے اہم اقدام اٹھا لیا گیا
اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2024 12:52pm

ضلع کرم میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث کرم کو دیگر اضلاع سے ملانے والی مرکزی شاہراہ گذشتہ 72 دنوں سے ہر قسم کی ٹریفک کی آمد ورفت کے لئے بدستور بند ہے۔

ذرائع کے مطابق اپر کرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اشیائے خوردونوش کی قلت کے باعث علاقہ مکین فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں ادویات، ایندھن اور دیگر اشیاء کا زخیرہ ختم ہو چکا ہے۔ شہری غذائی اشیاء خریدنے کیلئے ترس رہے لیکن انکو اشیاء نہیں مل رہیں۔

علاوہ ازیں اپر کرم میں آج تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند ہیں، بینکوں میں پیسے نہ ہونے کے باعث اے ٹی ایمز بھی بند ہیں، فیول کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں دشواری کا سامنا ہے۔

کرم کی صورت حال پر گرینڈ جرگے میں آج حتمی فیصلے کا اعلان متوقع

صوبائی حکومت کے غیر زمہ دارانہ بیانات کے خلاف مختلف یونینز کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئیں جس میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول رہی ہے یہاں اشیائے ضروریات ختم ہوچکے ہیں۔

امن و امان کی صورتحال کے باعث ضلع کرم میں انسداد پولیو مہم ملتوی

سیکرٹری انجمن حسینیہ جلال حسین بنگش کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا کے بیان کے تردید کرتے ہیں

ادھر ضلع کرم میں 71 روز سے فائرنگ کے واقعات کے باعث مرکزی شاہراہ سمیت آمد و رفت کے راستے بند ہیں، ایدھی ائیرایمبولینس نے زخمیوں و مریضوں کو پشاور منتقل کرنے کے لیے سروس شروع کی ہے۔

سماجی رہنما فیصل ایدھی ایمبولینس کی پہلی پرواز کے ساتھ پاراچنار پہنچے اوربے نظیر ایئرپورٹ پاراچنار پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ضلع کرم میں حالیہ بدامنی کے واقعات اور عوامی مشکلات کا انہیں بخوبی احساس ہے جس کے باعث انہوں نے ائیر ایمبولینس شروع کردی ہے۔

ائیرایمبولینس میں ضروری ادویات پاراچنار پہنچائی جائے گی۔ ایدھی فاونڈیشن نے زخمیوں اور مریضوں کو پشاور پہنچانے کے لیے فاونڈیشن کی ہیلی کاپٹر فراہم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک دو پروازوں کے ذریعے واقعات میں زخمی اور مریضوں کو مختلف اسپتالوں کو منتقل کردیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں ادویات بھی پہنچائیں۔

فیصل ایدھی نے کہا کہ لوگ اذیت ناک مرحلے سے گزر رہے ہیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پنجاب حکومت کا اقدام

پنجاب حکومت کی جانب سے کرم کے عوام کے لئے ادویات اور دیگر امدادی سامان ائیر ایمبو لینس کے زریعے پارا چنار آئے گا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب ریسکیو ایئر ایمبولینس آج 12:30 پر بے نظیر ایئرپورٹ پاراچنار پر لینڈ کرے گی، ایئر ایمبولینس میں ادویات اور دیگر امدادی سامان پارا چنار پہنچ جائیں گے۔

عمائدین نے اس حوالے سے کہا کہ پنجاب حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہیں، جو صوبائی حکومت خیبرپختونخوا نہ کر پایا وہ پنجاب حکومت نے کرکے دکھایا۔

Kurram Clashes

Kurram Situation