Aaj News

منگل, دسمبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم نے وفاقی وزرا کی قومی اسمبلی اجلاس میں غیر حاضری کا نوٹس لے لیا

شہباز شریف نے وزرا کو پارلیمانی کارروائی میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی
شائع 17 دسمبر 2024 02:04pm

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی وزرا کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں ایوان کی کارروائی میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کی ایوان میں غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے تمام وفاقی وزرا کو خط لکھ دیا جس میں انہوں نے وزرا کو پارلیمانی کارروائی میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے خط میں کہا کہ وفاقی وزرا کی ایوان میں غیر حاضری سے احتساب کے اصولوں اور شفافیت کے عمل کو نقصان پہنچتا ہے، وزرا کی ایوان میں حاضر نہ ہونے سے عوام کی جمہوری اداروں پر اعتماد کو بھی نقصان پہنچے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں مزید کہا کہ وزرا کا اپنے ماتحت افسران کو آئینی ذمہ داریاں دینا قابل قبول نہیں، یہ عمل وزرا کی جانب سے گورننس میں غیر سنجیدگی بھی ظاہر کرتی ہے۔

ہم سے زبردستی استعفیٰ مانگا جارہا ہے، اسد قیصر کا قومی اسمبلی میں انکشاف

شہباز شریف نے آفیشل معاملات کے لیے پارلیمنٹ میں موجود وزرا کے چیمبر میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کردی جب کہ وزرا کو وقفہ سوالات اور ایوان میں بحث کے دوران دیگر میٹنگز میں عدم شرکت کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ 12 دسمبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے مسلسل دوسرے روز بھی وفاقی وزرا غائب رہے جس پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سمیت پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے بھی تنقید کی تھی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت کے احتساب کے لیے ہمارے پاس ایک فورم ہے، یہ سوالات کا وقت ہے اگر وہ اسے سنجیدگی سے نہیں لیتے ہیں، تو پھر کیا حکمرانی اور کیا احتساب؟

ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح ایوان نہیں چلے گا، وزرا آئندہ ہفتے نہیں آئے تو ہاؤس نہیں چلائیں گے۔

ڈپٹی اسپیکر نے کہا تھا کہ کل بھی ہم نے رولنگ دی تھی کہ ہم وزیر اعظم کو لکھیں گے، حکومت غیر سنجیدہ ہے، اس طرح ایوان نہیں چلے گا۔

اسلام آباد

National Assembly

PM Shehbaz Sharif

ministers absent