مسلم لیگ ن کے رہنما صدیق الفاروق انتقال کرگئے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئیر رہنماؤں میں سے ایک صدیق الفاروق انتقال کرگئے ہیں۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ صدیق الفاروق کی نماز جنازہ پیر کو ادا کی جائے گی، وہ طویل عرصہ سے علیل تھے اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔
یاد رہے کہ صدیق الفاروق سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں چیئرمین متروکہ وقف املاک رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر عرفان صدیقی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سیکرٹری اطلاعات صدیق الفاروق کے گھر بھی گئے تھے، جہاں انہوں نے صدیق الفاروق کی عیادت اور مزاج پرسی کی تھی۔
عرفان صدیقی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدیق الفاروق کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کو آپ کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے۔ انہوں نے آپ کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندیِ درجات کییلئے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدیق الفاروق کی پاکستان مسلم لیگ ن کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ان کے انتقال سے پارٹی مخلص اور زیرک سیاستدان سے محروم ہوگئی، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، آمین۔