پشاور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کو 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی
پشاور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس وقار احمد نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی،
سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار عالم خان ادیزئی ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی نے 27 مقدمات میں راہداری ضمانت درخواستیں دائر کی ہیں، مختلف نوعیت کے مقدمات ان کے خلاف درج کیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کو پابند کریں کہ یہ وہاں عدالت میں پیش ہوں۔
جسٹس وقار احمد نے کہا کہ ہم ان کو راہداری ضمانت اس لیے دیتے ہیں کہ یہ وہاں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ یہ وہاں پر پیش ہو جاتے ہیں، تھوڑا زیادہ ٹائم دیا جائے، 50 سے زائد مقدمات میں پیش ہونا ہے۔
جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیے کہ زیادہ ٹائم اس لیے نہیں دے سکتے کیونکہ سردیوں کی چھٹیاں آنے والی ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے بشری بی بی کو 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی۔