پاکستانی خواتین کیلیے ڈیجیٹل رسائی اور معاشی مواقع بہتر بنانے کا عزم
بنکاک میں منعقدہ ایشیا پیسیفک وزارتی کانفرنس برائے بیجنگ+30 نظرثانی کے موقع پر پاکستان نے خواتین کی ڈیجیٹل رسائی کو بڑھانے، ان کے معاشی مواقع کو بہتر بنانے اور صنفی حساس بجٹ سازی کے نفاذ کا عزم ظاہر کیا۔ پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف مزاحمت کے لیے علاقائی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت مشیر قانون و انصاف عقیل ملک نے کی جنہوں نے کانفرنس میں پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے صنفی مساوات کے لیے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔ عقیل ملک نے بیجنگ ڈیکلریشن اور اس کے لائحہ عمل سے پاکستان کی وابستگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے میں پیش رفت کا جشن مناتے ہوئے یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ حقیقی صنفی مساوات کا حصول ابھی باقی ہے۔
عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 25، 26، 27 اور 34 صنفی مساوات کو یقینی بناتے ہیں اور صنفی بنیاد پر امتیاز کی ممانعت کرتے ہیں۔ یہ اصول 2022 کے نیشنل جینڈر پالیسی فریم ورک اور وژن 2025 کی بنیاد ہیں جو حکمرانی، معاشی ترقی، تعلیم اور تحفظ میں خواتین کے کردار کو ترجیح دیتے ہیں۔
پاکستان نے خواتین کو معاشی، سماجی اور قانونی شعبوں میں با اختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جیسا کہ وزیر اعظم کا خواتین کے لیے بااختیار بنانے کا اقدام سود سے پاک قرضے، پیشہ ورانہ تربیت اور کام کرنے والی خواتین کے لیے ڈے کیئر سینٹرز فراہم کرنا۔ ویمین پنک بس سروس اور ویمین آن وہیلز جیسے منصوبے خواتین کی نقل و حرکت اور معاشی سرگرمیوں میں شرکت کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیے گئے ہیں۔
نیشنل فنانشل اسٹریٹجی 2023 نے خواتین کے لیے 20 ملین فعال بینک اکاؤنٹس کا ہدف حاصل کرلیا۔ بینکنگ آن ایکویلیٹی اور خواتین کے لیے گھومتی ہوئی فنانسنگ کی سہولت جیسی پالیسیوں کا تعاون حاصل ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک نے سیاست اور عدلیہ میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی کوششوں پر زور دیا۔ پارلیمنٹ میں خواتین کے لیے مخصوص نشستیں اور جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس مسرت ہلالی کی سپریم کورٹ میں تاریخی تقرریاں ان کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پاکستان میں تقریباً 19 فیصد ضلعی جج خواتین ہیں جن میں سے 565 ضلعی عدالتوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر پاکستان امن مشنز میں خواتین کی شرکت میں رہنما کے طور پر سامنے آیا ہے جہاں خواتین امن فوجیوں کی تعداد 19.1 فیصد ہے جو اقوام متحدہ کے 15 فیصد کے ہدف سے زیادہ ہے۔ مقامی سطح پر پاکستان نے خواتین کے خلاف تشدد سے نپٹنے کے لیے مضبوط آئینی، قانونی، ادارہ جاتی اور انتظامی فریم ورک تیار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحر الکاہل (ESCAP) اور UN-Women کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر منعقدہ اس کانفرنس میں 1995 کی بیجنگ ڈیکلریشن کے بعد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے 1200 سے زائد مندوبین شریک ہوئے۔ ESCAP کی ایگزیکٹو سیکریٹری آرمیدا سالسیہ الیسیجبانہ نے ماحولیاتی تبدیلی اور ڈیجیٹل تبدیلی جیسے اہم مسائل میں خواتین کی قیادت پر زور دیا۔
کانفرنس کے دوران چارٹنگ نیو پاتھس فار جینڈر ایکویلیٹی اینڈ ایمپاورمنٹ: ایشیا پیسیفک ریجنل رپورٹ آن بیجنگ+30 نظر ثانی کے عنوان سے ایک نئی رپورٹ بھی جاری کی گئی جس میں چیلنجز اور مستقبل کی حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس میں صنفی اصولوں کی تبدیلی، صنفی اعداد و شمار کے استعمال کو مضبوط بنانے، اور کثیر شعبہ جاتی شراکت داری کو فروغ دینے جیسے اقدامات کو اہم قرار دیا گیا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما بہوس نے شرکا پر زور دیا کہ وہ بیجنگ پلیٹ فارم فار ایکشن کے اصولوں پر دوبارہ عمل پیرا ہوں اور کہا کہ موجودہ چیلنجز کا حل اور آنے والی نسلوں کے لیے راہیں ہموار کرنے کے لیے جرات مندانہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
30 ویں سالگرہ کے پیش نظر منعقدہ یہ کانفرنس ایشیا پیسیفک خطے میں صنفی مساوات کے حصول کے لیے نئی توانائی فراہم کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو رہی ہے۔
Comments are closed on this story.