Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب زرعی ترمیم بل 2024 کی تفصیلات منظر عام پر، زرعی زمین کے ساتھ لائیو سٹاک کی آمدن پر بھی ٹیکس لاگو ہوگا

زرعی ٹیکس نادہندہ پر جرمانوں کی تفصیلات بھی جاری
شائع 11 نومبر 2024 11:32pm

پنجاب اسمبلی میں پیر کو پیش کیے جانے والے پنجاب زرعی ترمیم بل 2024 کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

بل کے مطابق زرعی ترمیمی بل میں زرعی کے ساتھ لائیو سٹاک پر بھی ٹیکس لاگو کیا جائےگا، نئی شق کے تحت زیادہ آمدن والے اشخاص پر سپر ٹیکس لاگو کیا جائے گا اور زرعی زمین پر انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم کی جائے گی۔

بل میں کہا گیا ہے کہ زرعی زمین کے ساتھ لائیو سٹاک سے کمائی جانے والی آمدن پر بھی ٹیکس لاگو کیا جائے گا، لائیو سٹاک پر ٹیکس بھی زرعی ٹیکس میں شمار کیا جائے گا۔

بل کے مطابق لائیو سٹاک کا تصور پنجاب لائیو سٹاک بریڈنگ ایکٹ 2014 کے مطابق ہوگا، زرعی ٹیکس نادہندہ کو ٹیکس رقم کا 0.1 فیصد ہر اضافی دن کا جرمانہ عائد ہوگا، 12 لاکھ سے کم زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نادہندہ کو 10 ہزارجرمانہ ہوگا، 4 کروڑ سے کم زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نادہندہ کو 25 ہزار جرمانہ ہوگا اور 4 کروڑ سے زیادہ زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نادہندہ کو 50 ہزار جرمانہ ہوگا۔

بل پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کے بعد دو ماہ کے لئے سٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا ہے، سٹینڈنگ کمیٹی ممبران مسودہ میں مزید تجاویز پیش کریں گے، بعد ازاں مسودہ حکومت کو بھجوایا جائے گا۔

خیال رہے کہ حکومت ممبران کی تجاویز منظور یا نامنظور کرنے کا حق رکھتی ہے، بعد ازاں مسودہ ایوان میں منظور ہونےکے لئے پیش کیا جائے گا۔

Tax on agricultural income

Punjab Agricultural Amendment Bill 2024