Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی کی کچے میں کرپٹ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر استعفے کی دھمکی

جو لوگ ڈاکوؤں کے ساتھ ہیں، ان کے خلاف میرے علاوہ اینٹی کرپشن اور آئی بی کے پاس بھی رپورٹس ہیں، ممتاز چانگ
شائع 11 نومبر 2024 06:39pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی ممتاز چانگ نے کچے میں کرپٹ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر اسمبلی رکنیت سے استعفے کی دھمکی دے دی۔

ممتاز چانگ نے کچے کے علاقے میں کرپٹ ایس ایچ اوز اور ڈی پی او کے خلاف ثبوت ایوان میں لہراتے ہوئے کہا کہ ہم ادھر چھولے بیچنے نہیں آئے عوام کی آواز بننا چاہتے ہیں۔

ممتاز چانگ نے کہا کہ جو لوگ ڈاکوؤں کے ساتھ ہیں، ان کے خلاف میرے علاوہ اینٹی کرپشن اور آئی بی کے پاس بھی رپورٹس ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے حلقے سے لوگ اغوا ہوئے اور دو لوگوں کا زخمی کر دیا گیا، لوگ خون کے آنسو رو کر آتے ہیں، ادارے دھیان نہیں دیتے اور جھوٹی رپورٹیں پیش کرتے ہیں، میرے پر حملہ ہوا، میرے بندے اٹھائے، میں خاموش رہا۔

ممتاز چانگ کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں کچے میں ایک ہزار پولیس اہلکار ہیں لیکن چیک پوسٹ پر ایک بھی پولیس اہلکار نہیں ہے، کرپشن کا بازار گرم ہے، کل کچھ نہ کیا گیا تو ہمیں بھی خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔