Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آئندہ 14 روز کیلئے بڑا ریلیف مل گیا

ضمانت ملنے کے بعد بشریٰ بی بی نے راہداری ضمانت کی درخواست بھی واپس لے لی
شائع 29 اکتوبر 2024 02:08pm

پشاور ہائیکورٹ نے مقدمات کی تفصیل سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو حفاظتی ضمانت دے دی، عدالت نے تمام اداروں کو آئندہ 14 روز تک کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روک کر بشری بی بی کے خلاف مقدمات کی تفصیل طلب کرلی جبکہ سابق خاتون اول نے راہدای ضمانت کی درخواست واپس لے لی۔

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ میں مقدمات کی تفصیل اور حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی جس پر جسٹس شکیل احمد اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے سماعت کی۔

سینئر قانون دان قاضی انور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ایڈووکیٹ جنرل اور بشریٰ بی بی بھی عدالت میں موجود رہے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف چاروں صوبوں میں مقدمات درج ہیں، مقدمات معلوم نہیں، تفصیل فراہم کرکے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا جائے۔

جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ میرا خیال ہے خیبرپختونخوا میں کوئی مقدمہ نہیں ہوگا لیکن باقی صوبوں میں مقدمات کی تفصیل طلب کرنے پر عدالت کی معاونت کی جائے، جس پر وکیل بشری بی بی قاضی انور نے جواب دیا کہ جی خیبرپختونخوا میں مقدمات نہیں، اس لیے یہاں آئی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست نمٹادی

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ کا کہنا تھا کہ اگر یہاں کوئی کیس نہیں تو کیا ہم حفاظتی ضمانت دے سکتے ہیں، جس پر وکیل بشری بی بی نے مؤقف اپنایا کہ جب شہری عدالت کے سامنے سرنڈر کرتا ہے تو قانون اور آئین ہر شہری کو تحفظ کا یقین دلاتا ہے اور اسی بنیاد پر پشاور ہائیکورٹ نے پہلے بھی حفاظتی ضمانتیں دی۔

بعدازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے تمام اداروں کو 14 روز تک کسی بھی مقدمے میں ان کی گرفتاری سے روک دیا۔

پشاور ہائیکورٹ نے نیب، ایف آئی اے سمیت تمام اداروں سے مقدمات کی تفصیل طلب کرلی۔

عدالت کی جانب سے حفاظتی ضمانت ملنے کے بعد بشریٰ بی بی کی جانب سے راہداری ضمانت کی درخواست واپس لے لی گئی۔

بشری بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی کے مطابق حفاظتی ضمانت ملنے کے بعد راہداری ضمانت کی ضرورت نہیں، تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت مل چکی ہے۔

بشریٰ بی بی ضمانت ملنے کے بعد ہائیکورٹ سے روانہ ہوگئی جبکہ راہداری ضمانت کی درخواست بھی واپس لے لی گئی۔

حفاظتی ضمانتیں ملنے کے بعد بشریٰ بی بی کا عمران خان سے ملنے کا امکان

دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانتیں ملنے کے بعد سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کا اپنے شوہر سابق وزیراعظم عمران خان سے ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانتیں ملنے کے بعد بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل جانے کا امکان ہے، بشریٰ بی بی ایک روز دو میں جاسکتی ہیں،

ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات چاہتی ہے، بشریٰ بی بی اپنے مقدمات میں بھی پیش ہوگی۔

واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت 10،10 لاکھ روپے ضمانتی مچلکوں کی عوض منظور کرلی تھی۔

اگلے روز اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردی تھی، جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے رہا ہوکر پشاور پہنچ گئی تھیں۔

imran khan

Peshawar High Court

bushra bibi

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Imran Khan Bushra Bibi

BUSHRA BIBI CASE