Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کب رہا ہوں گے، منظور وسان کی پیشگوئی

پیپلزپارٹی پر اسٹیبلشمینٹ کے ساتھ ہونے کا الزام غلط ہے، منظور وسان
شائع 27 اکتوبر 2024 12:11pm

پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی سے متعلق نئی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سردیوں کے بعد گرمیاں بھی جیل میں گزاریں گے۔

اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں 18 ویں آئینی ترمیم کی شقیں بھی شامل ہیں، 26 ویں آئینی ترمیم سے عدلیہ اور عوام سمیت کسی کا نقصان نہیں ہے۔

منظور وسان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بڑی ٹربل میں ہیں، وہ سردیاں جیل میں گزارنے کے بعد گرمیاں بھی جیل میں گزاریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پر اسٹیبلشمینٹ کے ساتھ ہونے کا الزام غلط ہے، پیپلزپارٹی جمہوریت پسند پارٹی ہے ہم عوام کے ساتھ ہیں اور عوام کے ساتھ رہیں گے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں امن وامان قائم رکھنے میں سرگرم عمل ہے، ہم پنجاب کے علاقوں میں دریائے سندھ سے 6 نئی نہریں نکالنے کی حمایت نہیں کرتے۔

منظور حسین وسان نے کہا کہ نئے تعلیمی ادارے قائم کرنے سے تعلیم پروان چڑھے گی، تعلیم دوست افراد تعلیمی ادارے کھولنے کی طرف توجہ دیں، پاکستان لا کالج کی جدید ترین عمارت دیکھ کر خوشی ہوئی، ماضی کی تاریخ بتارہی ہے کہ خیرپور قدیم دور سے شاہکار علمی و ادبی شہر رہا ہے، علاقے کے نوجوان پاکستان لاکالیج میں پڑھ کربڑے قانوندان بنیں گے۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو منظور وسان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے محسوس ہورہا ہے بانی پی ٹی آئی کچھ عرصہ مزید جیل میں رہیں گے، بانی پی ٹی آئی اسلام آباد اور مری کی ٹھنڈی ہواؤں میں پھنس چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی احتجاج کروا کر اپنے لئے ریلیف لینا چاہتے ہیں مگر ریلیف دینے والے بھی بڑے پکے ہیں وہ پریشر میں نہیں آئیں گے، وزیراعلی کے پی نے بھڑکیں مارکر بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے۔

منظور وسان نے پیشگوئی کی تھی کہ حکومتی سسٹم چلے گا، مگر چہرے تبدیل ہوں گے، شہباز شریف سمجھدار آدمی ہیں موجودہ حالات میں اگر کچھ کمال دکھا گئے تو بچ جائیں گے۔

imran khan

PPP

Manzoor Wassan

Manzoor wasan

Pakistan People's Party (PPP)

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)