Aaj News

ہفتہ, جنوری 18, 2025  
17 Rajab 1446  

سول اسپتال کراچی میں انوکھا کلر کوڈنگ سائن ایج سسٹم متعارف

اس سسٹم کا مقصد مریضوں اور تیمارداروں کو اسپتال کے اندر راستہ تلاش کرنے میں آسانی فراہم کرنا ہے۔
شائع 17 اکتوبر 2024 08:00pm
Karachi Civil Hospital introduces colour coding to help patients find way - Aaj News

سول اسپتال کراچی میں کلر کوڈنگ سائن ایج سسٹم متعارف کروایا گیا ہے جو سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔

سول اسپتال اور سوچ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے بنائے گئے اسکلر کوڈنگ سائن ایج سسٹم کا افتتاح ڈی سی ساؤتھ الطاف حسین ساریو نے کیا۔

اس سسٹم کا مقصد مریضوں اور تیمارداروں کو اسپتال کے اندر راستہ تلاش کرنے میں آسانی فراہم کرنا ہے۔

اس نظام میں مختلف رنگوں کے ذریعے اہم مقامات جیسے او پی ڈی، ایمرجنسی رومز اور خصوصی کلینکس کی طرف رہنمائی کی جائے گی۔

جیسے سینٹرل لیب جانے کیلئے زرد، اوٹی کمپلیکس کیلئے نیلا، بلڈ بینک کیلئے لال، او پی ڈی کیلئے سبز، ایمرجنسی روم کیلئے گلابی، ٹراما سینٹر کیلئے کالا اور ریڈیولوجی اور نیورولوجی کیلئے نارنگی رنگ کی پیروی کرنی ہے۔

یہ قدم سول اسپتال کو مریض دوست بنانے کی کوشش کا حصہ ہے جس سے صوبے بھر کے دیگر اسپتالوں کے لیے ایک مثال قائم ہوگی۔

ڈی سی ساؤتھ الطاف حسین نے نوجوان طلباء کے اقدامات کو سراہا، جبکہ سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خالد بخاری نے بتایا کہ مستقبل کیلئے بھی طلباء نئے آئیڈیا پر کام کررہے ہیں۔

کلر کوڈنگ سائن ایج سسٹم دوسرے سرکاری اسپتالوں کیلئے بھی مثال بنے گا۔