Aaj News

ہفتہ, اکتوبر 05, 2024  
01 Rabi Al-Akhar 1446  

ورلڈ کلچر فیسٹیول 2024: بچوں کے لیے تفریح کا اہتمام

فیسٹیول کے نویں روز کو خاص طور پر بچوں کے نام کیا گیا
شائع 05 اکتوبر 2024 01:28am
Latest Pakistan News - Aaj

کراچی میں جاری ورلڈ کلچر فیسٹیول کے دوران مختلف تھیٹر پرفارمنسز نے نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کو بھی محظوظ کیا۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ اس فیسٹیول میں ثقافتی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، جہاں دنیا بھر سے آئے فنکار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ فیسٹیول کے نویں روز بچوں کے لیے خاص تھیٹر پرفارمنسز پیش کی گئیں، جنہوں نے تفریح کے ساتھ ساتھ معاشرتی آگاہی بھی فراہم کی۔

فیسٹیول کے نویں روز بچوں کیلئے دو شو پیش کئے گئے اٹلی کا تھیٹر پلے ”Put Your Heart Into It“ تھا، جس میں بڑی تعداد میں اسکول کے طلباء اور خصوصی طور پر تھلیسمیا سے متاثرہ بچوں نے شرکت کی۔

پرفارمنس کی ابتدا میں فرانسیسی اسٹریٹ آرٹسٹ فرینک نے بچوں کو منفرد انداز میں خوش آمدید کہا اور اپنی پپیٹ پرفارمنس کے ذریعے بچوں کو خوب ہنسایا۔

اٹالین فنکارہ نینا نے پپیٹس کے ذریعے مختلف کہانیاں سنائیں، جن میں دوستی اور محبت جیسے جذبات کو بچوں کے سامنے پیش کیا گیا۔ نینا کی شرارتوں سے بھرپور پرفارمنس نے بچوں کو محظوظ کیا اور ان کی توجہ جیتی۔

پرفارمنس کے بعد اٹالین فنکارہ نینا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ میں آپ سب کی شکر گزار ہوں کہ آپ لوگ یہاں آئے۔ یہ سب آپ کی وجہ سے ممکن ہوا، اگر آپ نہ آتے تو یہ سب ممکن نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کا بھی شکریہ کہ انہوں نے مجھے اس بڑے فیسٹیول کا حصہ بننے کا موقع دیا، اور اٹلی قونصلیٹ کی بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس ایونٹ میں میری شرکت کو یقینی بنایا۔

نینا نے مزید کہا کہ میں پوری دنیا میں گھومتی ہوں اور اپنی کہانیوں میں دوستی اور محبت جیسے جذبات کو پیش کرتی ہوں۔ بچوں کے لیے تھیٹر کرنا میرے بچپن کا خواب تھا، اور آج اسے حقیقت بنتے دیکھنا میرے لیے بہت خاص ہے۔

”ان فٹ بال ہے دنیا میرے آگے“: ماحولیات پر اہم پیغام

فیسٹیول کے نویں روز گرپس تھیٹر گروپ نے اپنا مشہور پلے ”ان فٹ بال ہے دنیا میرے آگے“ پیش کیا۔ یہ تھیٹر نہ صرف تفریحی تھا بلکہ اس میں ماحولیات کے تحفظ پر ایک اہم پیغام بھی دیا گیا۔ اس پلے کی ہدایت کاری عمران اسلم مرحوم نے کی تھی، اور اس کی ڈائریکٹر یاسمین اسماعیل تھیں۔

پلے میں شامل فنکاروں فائزہ قاضی، عمید ریاض، عائشہ شیخ، حنا عمید، خالد انعم، ماریہ حسین شیخ، اور خلیفہ اریج الدین نے اپنے کرداروں میں جان ڈال دی، اور سامعین کو نہ صرف قہقہوں سے بھر دیا بلکہ انہیں ماحولیات کے تحفظ کی ضرورت پر بھی سوچنے پر مجبور کیا۔

”ان فٹ بال“ بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے ایک اہم پیغام لے کر آیا، جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہمارے ماحول کو محفوظ رکھنا کتنا ضروری ہے۔ اس پرفارمنس کو بھی اسکول کے طلباء نے بھرپور انداز میں دیکھا اور سراہا۔

دونوں پرفارمنسز نے بچوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ معاشرتی آگاہی فراہم کی۔ سامعین نے کہا کہ یہ تھیٹر پلے نہ صرف تفریح کا ذریعہ تھے بلکہ ان میں چھپے پیغامات بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے انتہائی اہم تھے۔

World Culture festival

Itay