Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجگور میں مسلح افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ سے 7 مزدور جاں بحق، قتل کا مقدمہ درج

تمام مزدروں کا تعلق پنجاب سے تھا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل
اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2024 12:10pm

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سوئے ہوئے 7 مزدور جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ 7 مزدوروں کے قتل کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی پنجگور میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔

پنجگور کے علاقے خدا بدن میں کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں نے 7 نہتے بے گناہ مزدوروں کو سفاکی سے قتل کر دیا جبکہ واقعے میں 2 مزدور زخمی بھی ہوئے۔

واقعے کے بعد پولیس، سیکیورٹی اہلکار اور کارکنان جائے وقوعہ پہنچے جہاں سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تمام جاں بحق مزدوروں کا تعلق پنجاب سے ہے، جنہیں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے سفاکی اور بے دردی سے قتل کیا۔

پولیس کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدور پنجگور کے مختلف علاقوں میں مزدوری کرتے تھے جو رہائشی مکانوں کی تعمیراتی کام کرتے تھے، جاں بحق مزدوروں کا تعلق پنجاب کے علاقے ملتان سے ہے۔

جاں بحق افراد کی شناخت ساجد ولد اللہ بخش، فیاض ولد اللہ دتہ، خالد ولد فدا حسین، شفیق ولد فیض بخش، افتخار ولد اقبال سلمان ولد فیاض اور بلال ولد شوکت کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پنجگور میں جاں بحق 7 مزدوروں کی میتیں آبائی علاقے ملتان روانہ

دوسری جانب گزشتہ روز پنجگور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق 7 مزدوروں کی میتوں کو الصبح اسپتال سے ایمبولنس کے ذریعے ائیرپورٹ پہنچاکر بذریعہ ہیلی کاپٹر ان کے آبائی علاقے ملتان روانہ کردیا گیا۔

میتوں کو ڈپٹی کمشنر پنجگور زاہد احمد لانگو، ڈی پی او اور ایس پی پنجگور سید فاضل شاہ ںخاری کی نگرانی میں روانہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پنجگور نے کنسٹریکشن کمپنیوں یا مزدوری کے لیے لوگوں کے پاس موجود غیر مقامی باشندوں کی فوری رجسٹریشن کا کہا ہے، بغیر رجسڑیشن کے کسی نے اپنے گیٹ یا گھر پر غیر مقامی مزدوروں کو جگہ دی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

پنجگور میں 7 مزدوروں کے قتل کا مقدمہ درج

دوسری جانب پنجگور میں قتل ہونے والے 7 مزدوروں کے قتل کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی پنجگور میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔

مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

بلوچستان

Panjgur

panjgur firing