Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

ورلڈ کلچر فیسٹیول کا آغاز: ثقافتوں کا ملاپ اور اتحاد کا پیغام

یہ فیسٹیول 30 اکتوبر تک آرٹس کونسل میں جاری رہے گا
شائع 27 ستمبر 2024 01:33am

شہر قائد میں دنیا بھر ثقافتوں کا امتزاج لیے ورلڈ کلچرل فیسٹیول آرٹس کونسل کراچی میں سج گیا جہاں ملکی اور غیر ملکی مندوبین اور گورنر سندھ سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرل نے بھی شرکت کی ۔

”نفرت اور انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا، امن، اتحاد اور برداشت کو فروغ دینا“ اس سال کے فیسٹیول کی مرکزی تھیم ہے۔ دنیا بھر سے ثقافتوں کا یہ ملاپ نہ صرف فنون لطیفہ کا اظہار ہے بلکہ پاکستان کا مثبت چہرہ عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ایک اہم کوشش بھی ہے۔

فیسٹیول کا افتتاح سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے کیا، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف ثقافتوں کو ایک ساتھ پیش کرنا آرٹس کونسل کا قابلِ ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زبان اور ثقافت پر فخر ہے اور اس فیسٹیول کے ذریعے دنیا پاکستان کا روشن اور مثبت چہرہ دیکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سی پریشانیاں معاشی بحران ہیں زندہ دل قومیں ہی اس کا مقابلہ کرتی ہیں، بحیثیت گورنر سندھ تمام فنکاروں کو گورنر ہاؤس میں عشائیہ پر مدعو کرنا چاہتا ہوں۔

وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار علی شاہ نے موسیقی اور آرٹ کو محبت کی زبان قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کے ایونٹس امن و ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ساتھ ہی دوسرے صوبوں کو بھی اس طرح کے کلچرل پروگرامز کرنے چاہئیں۔

ورلڈ کلچر فیسٹیول میں 40 سے زائد ممالک کے 450 سے زیادہ فنکار شرکت کر رہے ہیں۔ فیسٹیول کے پہلے دن آذربائیجان کے موسیقار صاحب پاشاذادے اور کامران کریموو نے اپنے روایتی آلات سے سماں باندھا، جبکہ جنوبی افریقہ کے ڈانس گروپ جیزرٹ نے اپنی توانائی سے بھرپور پرفارمنس پیش کی۔ پاکستانی فنکاروں نے بھی اپنی ثقافتی ورثے کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مشہور ستار نواز فرحان رئیس خان اور ممتاز سبزال نے موسیقی کی محفل کو چار چاند لگائے۔

فیسٹیول میں شریک معروف شخصیات نے اس ایونٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اداکار نور حسن نے کہا کہ اس قسم کے ایونٹس ملک میں امن اور برداشت کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

گلوکارہ نتاشا بیگ نے کہا کہ فیسٹیول کے ذریعے مختلف ثقافتوں کے فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۔

موسیقار عمران مومینا کا کہنا تھا کہ اس فیسٹیول نے ہمیں عالمی سطح پر اپنی ثقافت کو روشناس کروانے کا موقع فراہم کیا ہے۔

آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے اس موقع پر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ایونٹ نہ صرف ملکی فنکاروں کو بلکہ غیر ملکی فنکاروں کو بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

فیسٹیول کے پہلے دن گیارہ پرفارمنسز پیش کی گئیں، جنہوں نے حاضرین کو محظوظ کیا۔ پہلے دن کے اختتام پر وہاب شاہ ڈانس گروپ نے پاکستانی ثقافت کے خوبصورت رنگ پیش کیے۔ یہ فیسٹیول 30 اکتوبر تک جاری رہے گا، جہاں روزانہ نت نئے پرفارمنسز اور سرگرمیاں پیش کی جائیں گی۔

karachi weather

World Culture festival

ACP