Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان اور مرکوسر تجارتی بلاک کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی توثیق

امریکہ کی مارکیٹ پاکستان کیلئے اچھی مارکیٹ ثابت ہوسکتی ہے، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2024 05:05pm

وفاقی کابینہ نے پاکستان، یورپ اور البانیہ کی وزارت خارجہ کے مابین سیاسی روابط اور مذاکرات کے ایم او یو طے کرنے کی منظوری دے دی۔ جب کہ پاکستان اور مرکوسر تجارتی بلاک کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی توثیق کردی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکہ کی مارکیٹ پاکستان کیلئے اچھی مارکیٹ ثابت ہوسکتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی کابینہ نے 9 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی۔

اجلاس کے دوران پاکستان، یورپ اور البانیہ کی وزارت خارجہ کے مابین سیاسی روابط اور مذاکرات کے ایم او یو طے کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ کابینہ نے وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید جنید اخلاق کی بطور چیئرمین بورڈ مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری بھی دے دی۔

وفاقی کابینہ نے ورچوئل یونیورسٹی کے لئے اسلام آباد میں زمین کی خریداری بھی منظوری دے دی تاہم پاکستان اور ترکمانستان کے مابین گوادر اور ترکمان باشی بندر گاہوں کے مابین معاہدے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے پاکستان میں مذہبی رواداری سے متعلق اسٹریٹجی 2024 کی منظوری دی جبکہ وفاقی کابینہ نے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی بھی منظور کر لی۔

بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا۔ جس کے مطابق پاکستان اور مرکوسر تجارتی بلاک کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی توثیق کردی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکہ کی مارکیٹ پاکستان کیلئے اچھی مارکیٹ ثابت ہوسکتی ہے، اب تک پاکستانی معیشت مارکیٹ کے ثمرات حاصل نہیں کرسکی، معیشت سے متعلق تمام معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں جن پر عرصے سے کوئی کام نہیں ہوا ان پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے۔

شہباز شریف نے اگست میں افراط زر کی شرح سنگل ڈیجیٹ میں آنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ افراط زر میں کمی پر وزارت خزانہ ، اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششیں لائق تحسین ہیں، مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے، ہمیں معیشت میں مزید استحکام لانا ہے، روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

federal cabinet

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif