Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شارک ٹینک پاکستان، ہنر مند پاکستانیوں کیلئے سنہری موقع

یہ شو ہمارے ملک کی معیشت کیلئے مفید ثابت ہوگا، صنم سعید
اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2024 10:52pm

مشہور ریالیٹی شو ’شارک ٹینک‘ کا آغاز اب پاکستان میں بھی ہونے جارہا ہے جس کا مقصد ملک میں نہ صرف کاروبار کو فروغ دینا ہے بلکہ اس پروگرام کے زریعے نوجوان ہنر مندوں کو بھی ایک پلیٹ فارم میسر ہوگا ۔

شارک ٹینک ایک مشہور ریالٹی ٹی وی شو ہے جس میں مختلف کاروباری حضرات (انٹرپرینیورز) اپنے نئے کاروباری منصوبے یا پروڈکٹس کے لیے سرمایہ کاری کی درخواست کرتے ہیں۔ یہ شو پہلی بار امریکہ میں نشر ہوا تھا اور اس کے بعد اس کی مختلف ممالک میں مختلف ورژنز بنائی گئیں۔

شارک ٹینک شو کا مقصد نئے کاروباری منصوبوں کو سامنے لانا اور انہیں سرمایہ فراہم کرکے کامیاب بنانے میں مدد دینا ہے، یہ شو خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو نئے کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں یا انٹرپرینیورشپ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

شارک ٹینک پاکستان کے حوالے سے کراچی میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان کی بزنس کمیونیٹی کے نمایاں افراد اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی مشہور شخصیات جیسے زاہد احمد، صنم سعید، محب مرزا، فیصل کپاڈیا، علی رحمان، فیروز خان، اعجاز اسلم سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

تقریب میں آئی معروف اداکارہ صنم سعید کا کہنا تھا کہ اس شو کے ذریعے ہمیں ایسے لوگ ملیں گے جو منفرد آئیڈیا کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کریں اور یہ ہمارے ملک کی معیشت کیلئے مفید ثابت ہوگا ۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے امید ہے شو میں بیٹھے بزنس مین نئے لوگوں کو موقع دیں گے ۔

معروف اداکار محب مرزا کہتے ہیں کہ امید ہے کہ جن لوگوں کے پاس منفرد آئیڈیا ہے جن میں خواب دیکھنے کی طاقت موجود ہے تو وہ اس شو کے ذریعے سامنے آئیں گے ، اس شو کے امریکن ایڈیشن کو میں نے خود شوق سے دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سوشل میڈیا پر دیکھتا رہتا ہو آئے دن ہمارے اپنے لوگ کوئی نہ کوئی چیز ایجاد کررہے ہوتے ہیں تو یہ ان لوگوں کیلئے بہت فائدے مند ہوگا جن کے پاس ہنر ہے لیکن سرمایہ کی کمی ہے ۔

اس موقع پر اداکار اعجاز اسلم کا کہنا تھا کہ نئی نسل میں ایسے بہت سے لوگ ہیں جن کے پاس سوچ ہے کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے پاس سپورٹ کی کمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جو بڑے بڑے نام ہے ایمازون ہو بل گیٹس ہو انہوں نے چھوٹے چھوٹے اسٹاراپس سے شروع کیا تھا آج دنیا بھر میں مقبول ہیں ۔

شارک ٹینک پاکستان کاروباری ریئلٹی شو ہے لیکن مذکورہ شو پاکستان میں نشر ہونے سے قبل پڑوسی ملک بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی نشر ہوچکا ہے ماضی میں اسی طرح کا ایک شو ’ آئیڈیا کروڑوں کا ’ بھی نشر کیا گیا تھا جسے خوب پزیرائی ملی تھی ۔

شارک ٹینک شو میں کیا ہوتا ہے؟

شو میں آنے والے کاروباری حضرات یا انٹرپرینیورز اپنے منصوبے یا پروڈکٹ کا تعارف کراتے ہیں اور یہ بتاتے ہیں کہ انہیں کتنی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اور وہ اس کے بدلے میں کتنے فیصد حصہ دینے کو تیار ہیں۔

شارکس دراصل مشہور اور کامیاب بزنس مین یا سرمایہ کار ہوتے ہیں جو ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انٹرپرینیورز اور شارکس کے درمیان مذاکرات ہوتے ہیں، جس میں شارکس مختلف سوالات کرتے ہیں تاکہ وہ اس منصوبے کی کامیابی کے امکانات کو جانچ سکیں۔

اگر شارکس کو منصوبہ پسند آتا ہے تو وہ انٹرپرینیورز کو سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہیں، انٹرپرینیورز کو فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ وہ اس پیشکش کو قبول کرتے ہیں یا نہیں، بعض اوقات شارکس مختلف شرائط کے ساتھ بھی ڈیل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

شو کا اختتام اس بات پر ہوتا ہے کہ انٹرپرینیورز نے ڈیل حاصل کی یا نہیں۔ اگر ڈیل ہوجاتی ہے، تو بعد میں دونوں پارٹیوں کے درمیان معاملات طے پاتے ہیں۔

Sanam Saeed

Mohib Mirza

Shark Tank Pakistan

Start ups