ڈرامے کے موضوعات میں تبدیلی کی ضرورت ہے ، اداکارہ روبینہ اشرف
آرٹس کونسل کراچی میں 3 کہانیوں پر مبنی مشترکہ تھیٹر کھیل پیش کیا گیا،کہانی میں حقیقت اور تصور امتزاج پیش کیا گیا ۔
بدل گئے ہو ، پرولوگ اور 15 منٹ اور کے عنوان پر مبنی کھیل میں محبت ،زندگی اور حقیقی لمحات کے ساتھ ساتھ تصور کی دنیا کو پیش کیا گیا
اداکار خالد احمد، کیف غزنوی، اور فواد خان نے اپنی لاجواب پرفارمنس سے سامعین کو مسحور کر دیا، ان تینوں کہانیوں کو نامور مصنفہ بی گل نے اپنی قلم سے تحریر کیا، جو ہمیشہ سے ہی منفرد اور گہرے موضوعات کو پیش کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں۔
اس موقع پر سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ تھیٹر نہ صرف فنکاروں کے لیے بلکہ موسیقاروں، بیک اسٹیج عملے اور ناظرین کے لیے بھی ایک اہم ذریعہ ہے جس میں ہم سب کی تربیت ہوتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جیسے تھیٹر میں موضوعات کی تبدیلی اور وسعت ہے، ویسے ہی ہمیں پاکستانی ڈراموں میں بھی نئی سوچ اور گہرائی لانے کی ضرورت ہے۔
مصنفہ بی گل نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تھیٹر لکھنے کی آزادی کا ایک منفرد ذریعہ ہے، اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس سال ڈراموں کے بجائے تھیٹر کو ترجیح دی، اور پانچ شاندار تھیٹر تخلیق کیے۔
تھیٹر میں پیش کی گئی ایرانی موسیقی نے دیکھنے والوں کو خوب محظوظ کیا اور تھیٹر کے تجربے کو یادگار بنا دیا۔
Comments are closed on this story.