Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیرپور میں سیلابی ریلے سے 100 سے زائد دیہات زیرِ آب آگئے

کچے کے علاقے میں نوجوان سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوگیا۔
شائع 28 اگست 2024 12:28pm

دریائے سندھ میں خیرپور میں قریب سیلابی ریلے سے 100 سے زائد دیہات زیرِ آب آ گئے جبکہ کچے کے علاقے میں نوجوان سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث بندوں پر دباؤ بڑھ گیا اور مزید کئی بندوں میں شگاف پڑنے سے 100 سے زائد دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں۔

ہزاروں ایکڑ پر گنے، کپاس اور سبزیوں کی فصلیں بھی زیرآب آگئیں جبکہ کشتی نہ ہونے کی وجہ سے محفوظ مقام پر منتقلی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

متاثرین کے مطابق لوگ پانی میں پھنسے ہوئے ہیں فوری ہمیں ریسکیو کیا جائے، سیلابی پانی کے باعث لاشوں کی تدفین میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔

ورثا کے مطابق گاؤں لعل بخش کنبھر کے رہائشی نوجوان محبوب گلال سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں حق ہوگیا۔ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت لاش کو پانی سے نکال لیا۔

دریائےسندھ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کپاس اور دیگر فصلیں بھی زیرِ آب آ گئیں اور لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو وہاں سے نکالنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔