Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

وفاقی حکومت کا عدلیہ سے متعلق اہم قانون سازی کرنے کا فیصلہ، بل تیار

مجوزہ بل آئندہ ہفتے پرائیویٹ ممبرز ڈے پر پیش ہونے کا امکان
شائع 27 اگست 2024 06:58pm

وفاقی حکومت نے عدلیہ سے متعلق اہم قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے پرغور کر رہی ہے اور اس حوالے سے حکومتی رکن دانیال چودھری نے پرائیویٹ ممبر بل تیار کرلیا ہے۔

حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 23 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ججز کی تعداد میں اضافے کا بل آئندہ ہفتے پرائیویٹ ممبرز ڈے پر پیش ہونے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن نے ’عام انتخابات 2024‘ پر خرچے کی تفصیلات بتادیں

ذرائع کا کہنا ہے کہ 1997 کے ایکٹ میں ترمیم کے زریعے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

بل کے مسودے کے مطابق سپریم کورٹ ججوں کی تعداد ایکٹ کی سیکشن دو میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے۔

تجویز کے تحت سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد چیف جسٹس کے علاوہ دیگر22ججوں پر مشتمل ہو گی۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ بل کے اغراض و مقاصد میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافے سے قانونی عمل تیز، مقدمات کی بروقت سماعت اور فیصلہ ہوگا۔

بل کے متن کے مطابق سائبرکرائم، ماحولیاتی قوانین اور عالمی تجارت کے کیسز میں ماہرین کی ضرورت ہے، مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے ججز کی تقرری سے درست فیصلہ سازی ممکن ہوسکے گی۔

پی ٹی آئی کے اسٹوڈنٹس رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی کے الرٹ جاری کئے جانے کی حقیقت کیا؟

متن میں کہا گیا کہ ججز کی تعداد بڑھانے سے کسی جج پر غیر ضروری دباؤ میں کمی ہوگی۔ ججز کی بڑی تعداد فیصلوں میں متنوع آرا کا باعث بن سکتی ہیں اور پاکستان کی طرز پر عدالتی نظام رکھنے والے بہت سے ممالک میں ججز کی بڑی تعداد ہے، اس لئے ججز کی تعداد میں اضافے سے پاکستان میں بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ فیصلے سامنے آئیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ بل منگل کے روز ایجنڈے پر موجود تھا، لیکن قومی اسمبلی کا کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے بل پیش نہ ہوسکا۔

یاد رہے کہ جولائی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف میں سیاسی جماعتیں سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے پر متفق ہوگئیں تھیں۔

کمیٹی نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے عدالت عظمیٰ میں زیر التوا مقدمات جبکہ وزارت قانون سے ہائی کورٹ ججز کی خالی آسامیوں کی تفصیلات طلب کیں تھیں۔

چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے کہا تھا کہ وزارت قانون و انصاف کے تفصیلات پیش کرنے پر سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے کا معاملہ طے ہوگا، سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد کتنی ہوگی یہ کمیٹی طے کرے گی، سپریم کورٹ میں کیسز کا بوجھ بڑھا مگر ججز وہی 17 ہیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں مستقل ججز کی تعداد 17 ہے اور حال ہی میں دو ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی گئی ہے۔

Supreme Court of Pakistan

Number of Judges

Private Member Bill