Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان میں آپریشن کی ضرورت نہیں، دہشت گرد صرف ایک ایس ایچ او کی مار ہیں، محسن نقوی

وزیراعلیٰ بلوچستان جوبھی فیصلہ کریں گے ہم ساتھ کھڑے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ
اپ ڈیٹ 27 اگست 2024 03:49pm

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سانحہ راڑہ شم کے تناظر میں کہا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن کی ضرورت نہیں، یہ دہشت گرد صرف ایک ایس ایچ او کی مار ہیں، دہشت گردوں نے چھپ کرحملہ کیا، دہشتگردوں کا مکمل بندوبست ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان جوبھی فیصلہ کریں گے ہم ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 14 اہلکاروں سمیت 50 افراد کو قتل کردیا تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ ’جو لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ اس طرح کے واقعات سے وہ ہمیں ڈرا سکتے ہیں انھیں بہت جلد ایک سخت پیغام مل جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان سب سے بڑا صوبہ ہے، دہشت گرد کسی چھوٹے علاقے میں کارروائی کرتے ہیں، اب اتنے بڑے علاقے میں جتنی بھی فورسز تعینات کر دی جائیں کام مُشکل ہوتا ہے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے واقعات کاملکر سدباب کریں گے، پولیس،ہماری فورسز دہشت گردوں کامقابلہ کرناجانتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرسوں جوکچھ ہوا ہم سب غمگین ہیں، ایسے واقعات قابل برداشت نہیں ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’حملے کے بعد جوابی کارروائی میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہیں ہوئی، دہشت گردوں کو جواب دیتے ہوئے ایک فوجی کیپٹین شہید ہوئے، انھوں نے بلوچستان کے لوگوں کے لیے اپنی جان دی ہے، متاثرہ تمام خاندان ہمارے خاندان ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ 4 ہزار کلو میٹر ہماری سڑکیں ہیں، ان میں سے کسی ایک انچ کو دہشت گرد ڈھونڈتے ہیں، وہ ہمارے اندر ہمارے ساتھ رہتے ہیں، ہمیں کیسے پتا چلے گا کہ وہ سڑک کی ریکی کرنے آرہے ہیں یا کوئی عام شہری یا مسافر ہے، جب ہم ان کو روکتے ہیں تو بھی ہم پر تنقید ہوتی ہے، وہ ریکی کرکے آدھے گھنٹے کے لیے آتے ہیں، سب سے کمزور اہداف کو نشانہ بناتے ہیں، مسافروں کو بسوں سے اتار کر 100 میٹر دور لے جا کر ہلاک کر دیا جاتا ہے اور یہ دہشت گرد وہاں سے فرار ہو جاتے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ’جوابی کارروائی کے لیے طریقہ کار موجود ہے، اس وقت بھی ان دہشت گردوں کا پیچھا کیا جا رہا ہے، ان کے خلاف ہر قمیت پر کارروائی کی جا رہی ہیں اور یہ جاری رہی گے جب تک کہ یہاں سے دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔