Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت ناراض بلوچوں کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دیتی ہے، وزیر اعلیٰ

لیویز فورس کو ضروری سازو سامان اسلحہ اور گاڑیاں دی جائیں گی، میر سرفراز بگٹی
اپ ڈیٹ 13 اگست 2024 10:30pm

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت ناراض بلوچوں کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دیتی ہے۔ آگے بڑھیں اور امن کا راستہ اپنائیں، آئین پاکستان کے تحت آپ کو گلے لگائیں گے۔

کوئٹہ میں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیر کو کوئٹہ میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ جاں بحق ہوئے، اس واقعہ کی مذمت کرتا ہوں، بلوچستان کا بچہ بچہ ذاکر بلوچ کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ذاکر بلوچ نے بلوچستان کیلئے اپنا خون قربان کیا، تاقیامت اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھا جائے گا۔

کوئٹہ : گاڑی پر فائرنگ سے زخمی ڈی سی پنجگور چل بسے، چیئرمین میونسپل کمیٹی کی حالت خطرے سے باہر

انھوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کو جوش و خروش سے مناتے ہیں، پاکستان ایک عظیم ملک بننے جا رہا ہے، میرٹ کو بحال کرکے دکھائیں گے، کسی کو نوکریاں بیچنے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے نوجوان کو صحیح راستہ دکھائیں گے، پروپیگنڈے کے ذریعے بلوچ کو ریاست سے دور کیا جارہا ہے، حکومت کو بلوچ پشتون روایات کا احساس ہے، پاکستان تاقیامت رہے گا۔

لیویز فورس کو ضروری سازو سامان اسلحہ اور گاڑیاں دی جائیں گی، میر سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا ، اجلاس میں میرضیالانگو اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے وزیراعلٰی بلوچستان کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ، وزیراعلٰی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو مستونگ واقعہ کی رپورٹ جمع کرانےکی ہدایت کی ۔

وزیر اعلٰی بلوچستان نے افسران کی نقل و حمل کے دوران مروجہ ایس او پیز پر عمل درآمد بابت رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تخریب کاری سے نمٹنے کےلئے پولیس اور لیویز کو مضبوط کریں گے، لیویز فورس کو ضروری سازو سامان اسلحہ اور گاڑیاں دی جائیں گی ہر سطح پر دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے انہیں پسپا کریں گے، لیویز فورس ماضی کی طرح فعال کردار ادا کرتے ہوئے کسی بھی واقعہ میں فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دہشت گردوں کا پیچھا کرئے ۔

وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر دم نہیں لیں گے، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔

انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، سوشل میڈیا کو دہشت گردی کے ٹول کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیں گے کیونکہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی نہیں پوری قوم کی جنگ ہے۔

Mir Sarfaraz Bugti