Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
14 Rajab 1446  

قومی ہیرو ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب، حکومت کا 15 کروڑ نقد انعام اور ہلال امتیاز کا اعلان

وزیراعظم نے ارشد ندیم کے کوچ کیلئے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔
اپ ڈیٹ 13 اگست 2024 10:25pm

قومی ہیرو ارشد ندیم وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں ، جہاں ان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ارشد ندیم وزیراعظم ہاؤس پہنچے شہباز شریف نے خود ان کا استقبال کیا اور ہار پہنا کر ہاتھ تھام کر انہیں تقریب میں لے کر آئے۔

ارشد ندیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکرادا کرتا ہوں، پوری قوم کا شکر ادا کرتا ہوں، پوری قوم نے جسطرح استقبال کیا اس پر خوشی ہوئی، میں وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ارشد ندیم نے کہا کہ کھلاڑی کو عزت ملتی ہے تو حوصلہ بڑھتا ہے، جس طرح قوم نے عزت دی اس پر خوشی ہوئی، جو محنت کرتا ہے اس کو پھل ضرور ملتا ہے، میرے کوچ نے بھی مجھ پر بہت محنت کی۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ملنے والی مراعات کیا ہیں ؟

قومی ہیرو کا کہنا تھا کہ اولمپکس میں نیا ریکارڈ بنا کر بہت خوشی ہوئی، اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، انشاء اللہ آگے بھی محنت کرکے ورلڈ ریکارڈ بناؤں گا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے آل پنجاب کرکٹ بھی کھیلی ہے، میں نے جیولین تھرو کا 2012 سے آغاز پنجاب یوتھ فیسٹیول سے کیا، 2015 میں واپڈا میں نوکری حاصل کی، جس پر واپڈا کا مشکور ہوں۔

آپ نے یوم پاکستان پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیا، وزیراعظم

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی محفل کے ہیرو عوام کے ہیرو ارشد ندیم ہیں، ارشد ندیم کی والدہ بھی تقریب میں موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج فخر اور خوشی کا لمحہ ہے، ارشد ندیم 25 کروڑ عوام کی دلوں کی دھڑکن ہیں، ارشد نے 40 سال بعد پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا، پوری پاکستانی قوم آپ کی شکر گزار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے یوم پاکستان پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیا، آپ نے میڈل نہیں جیتا بلکہ اولمپکس کی تاخیر رقم کی، آپ کی ذات سے مجھے اور قوم کو حوصلہ ملا۔

ایتھلیٹکس فیڈریشن نے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کیلئے بڑا اعلان کردیا

ان کا کہنا تھا کہ ہمالیہ جتنے چیلنجز ہیں انہیں اتفاق اور اتحاد کے ساتھ عبور کریں گے، ہم مل کر پاکستان کو ایک عظیم طاقت بنائیں گے، کامیابی کا یہ پودہ ایک سایہ دار درخت ثابت ہوگا، اس پودے سے بے شمار پودے ہرے بھرے ہوں گے، کامیابی کے یہ ریکارڈ اور بڑھیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور کھیل کی ایسوسی ایشنز کا فرض بنتا ہے کہ اپنے اختلافات کو ختم کر کے یکسوئی کے ساتھ ہاکی، کرکٹ اور اسکوائش کو بہتر کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں، کمیٹی دیکھے گی کہ کھیلوں کے میدان میں حکومت کیا کردار ادا کرسکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’میں ارشد ندیم کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے 15 کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کرتا ہوں، اور اس پر ٹیکس کی کٹوتی نہیں ہوگی، ٹیکس لینے والے پیچھے بیٹھے ہیں، ان کو پتا چل گیا ہے میں کس کی بات کر رہا ہوں، یہ جن سے ٹیکس لینا ہوتا ہے ان سے لیتے نہیں اور جو دینے والے ہوتے ہیں ان سے اور لیتے ہیں، اس حکومت میں یہ مزاج اور رواج اب دفن ہونے جا رہا ہے‘۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ایف نائن اور ایف ٹین کے درمیان سڑک کا نام ارشد ندیم روڈ رکھا جائے گا، جناح اسٹیڈیم میں ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی بنائی جائے گی، صدر کو خط لکھا ہے کہ 14 اگست کو ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دیا جائے، وزیراعظم نے ایک ارب روپے کا پاکستان اسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعظم نے ارشد ندیم کے کوچ کیلئے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔

ہوٹل آمد پر شاندار استقبال

قبل ازیں، پاکستان کے نامور اولیمپئن جیولین تھرور ارشد ندیم فل حکومتی پروٹوکول اور سیکیورٹی میں اسلام آباد کے ہوٹل پہنچے۔

ارشد ندیم کے استقبال کے لئے ہوٹل میں پنجابی ڈھول کا انتظام کیا گیا، ہوٹل اسٹاف اور مہمان ارشد ندیم کی آمد کی خبر سن کر لابی میں آنے لگے۔ ہوٹل میں آئے مہمان ارشد ندیم کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب ہو گئے۔

ارشد ندیم کی جیت بھارتی اینکر کو ہضم نہ ہوسکی

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم اور ارشد ندیم مل کر پرچم کشائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم قوم کا ہیرو ہے، وزارت اطلاعات کو ارشد ندیم پر فلم بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اولمپکس 2024:پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرلیا، ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں ریکارڈ بنا ڈالا

یاد رہے کہ ارشد ندیم 10 اگست کو فرانس اولمپک جیولن تھرو میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتے تھے۔

Maryam Nawaz

اسلام آباد

Olympics

arshad nadeem

PM Shehbaz Sharif

paris olympics

CM Punjab Maryam Nawaz

olympics 2024

paris olympics 2024

Arshad Nadeem Gold

Gold Medal Winner

Rewards for Arshad Nadeem