Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

حیدرآباد: بلدیہ اعلیٰ کے اجلاس میں بدنظمی، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے اراکین میں ہاتھا پائی

خواتین اراکین کے درمیان بھی ہاتھا پائی ہوئی، کونسل اجلاس اکھاڑے میں تبدیل
شائع 31 جولائ 2024 05:18pm

میئر حیدرآباد کاشف شورو کی زیر صدارت بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کا عمومی اجلاس بدنظمی کا شکار ہوگیا۔ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے اراکین میں ہاتھا پائی ہوگئی جب کہ خواتین ممبران نے بھی اپنا حصہ ملایا۔

بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے کونسل کے اجلاس کے دوران اپوزیشن اور حکومتی بینچ کے اراکین کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی۔ اپوزیشن رکن پی ٹی آئی کے یوسی چئیرمین اظہر شیخ نے اسٹیج پر چڑھ کر احتجاج کیا تو حکومتی بینچ کے پی پی پی یوسی چئیرمین بشیر لغاری نے اظہر شیخ کو لات مار کر نیچے اتار دیا۔

پی پی پی چئیرمینز اور اپوزیشن اراکین نے ایک دوسرے کو دھکے دیئے۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ صورتحال بہتر ہونے کے بعد اپوزیشن کی رکن یوسی چئیرمین آرزو مغل بھی اسٹیج پر چڑھ گئیں آرزو مغل نے مئیر کی ٹیبل پر رکھے پھول گرا کر احتجاج کیا۔

آرزو مغل کے اسٹیج پر احتجاج کرنے پر حکومتی بینچ کی رکن شبانہ خان بھی اسٹیج پر پہنچ گئیں۔ شبانہ خان نے آرزو مغل کو اسٹیج سے اترنے کے لیے دھکا دیا جس پر آرزو مغل نے ہاتھ اٹھایا۔ دونوں کونسل اراکین کو ہاتھا پائی کے بعد اسٹیج سے اتار دیا گیا جبکہ کونسل کی خواتین اراکین اسٹیج پر بیٹھ گئیں۔

Hyderabad

Pakistan People's Party (PPP)

mayor hyderabad

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)