Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق فیصلے کیلئے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں آرٹیکل 6 کے نفاذ کا معاملہ بھی زیر بحث آنے کا امکان
شائع 22 جولائ 2024 01:30pm

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 کے نفاذ کا معاملہ زیر بحث آنے کا امکان ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی منظوری بھی لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی معاشی صورتحال زیر بحث آے گی جبکہ کابینہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا جبکہ کابینہ متعدد اہم ایجنڈا آئٹم بھی نمٹاے گی۔

حکومت کا تحریک انصاف پر پابندی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان

یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے اور عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم اس فیصلے پر مسلم لیگ ن کے اتحادیوں کی جانب سے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا گیا تھا کہ حکومت نے اس معاملے پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے مسلم لیگ ن کی ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔

اس معاملے پر دونوں جماعتوں کے درمیان ایک اجلاس بھی ہوا تھا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر سیاسی جماعتوں کا ردعمل: ’حکومت عمران خان کی غلطیاں دہرارہی ہے‘

تاہم گزشتہ روز ایک بار پھر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے معاملے پر حکومت کے ساتھ ہے۔

federal cabinet

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

article 6

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI Ban