Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹی ایل پی کا فیض آباد دھرنا ختم کرنے کا اعلان، حکومت اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ پر آمادہ

اسرائیلی مصنوعات کو بلواسطہ یا بلاواسطہ روکا جائے گا، رانا ثناء اللہ
اپ ڈیٹ 19 جولائ 2024 07:56pm
فوٹو۔۔۔اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔اسکرین گریب

تحریک لبیک پاکستان کا اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر دھرنا ختم کرانے کے حوالے سے حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد فیض آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ تحریک لبیک کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر فورم پر فلسطین کیلئے آواز اٹھاتا رہے گا، اسرائیلی مصنوعات کو بلواسطہ یا بلاواسطہ روکا جائے گا۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف گزشتہ کئی روز سے فیض آباد کے مقام پر دھرنا دیا ہوا ہے۔ تحریک لبیک اور حکومتی وفد کے درمیان مذاکرات کرنے والوں میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ، آئی جی اسلام آباد اور اسلام آباد کی انتظامیہ شامل تھی۔

پریس کانفرنس میں رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ اسرائیل، فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، ٹی ایل پی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنے پر بیٹھی۔

انھوں نے کہا کہ حکومت فلسطینی عوام کی مدد کیلئے کوششیں جاری رکھے گی، ایک ہزار ٹن خوراک اور دیگرسامان غزہ بھجوائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 31 جولائی سے قبل امداد غزہ بھیجی جائے گی، غزہ پر حملہ کرکے اسرائیل دہشت گرد کے طور پر سامنےآیا، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

رانا ثنا نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے جذبے کو سراہتے ہیں، اقوام عالم سے فلسطینیوں پر مظالم روکنے کامطالبہ کرتے ہیں۔

federal government

Rana Sanaullah

TLP Dharna

Tehreek e Labaik Pakistan (TLP)