Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

عمان کی امام بارگاہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق پاکستانی کی میت وطن پہنچ گئی

رات گئے وزیر آباد میں تدفین، سلیمان نواز نے بچون کو بچاتے ہوئے جان دی، روزگار کیلئے دو ماہ قبل مسقط پہنچا تھا۔
شائع 19 جولائ 2024 10:10am

عمان کے دارالحکومت مسقط کی وادی الکبیر کی مسجد و امام بارگاہ امام علی میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے وزیر آباد کے نوجوان سلیمان نواز کی میت وطن پہنچائی گئی۔

رات گئے سلیمان نواز کو مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔

17 جولائی کو عمان کے دارالحکومت مسقط کی وادی الکبیر کی مسجد و امام بارگاہ امام علی میں دہشت گردوں نے شب عاشور کی مجلس کے دوران فائرنگ کرکے 4 پاکستانیوں سمیت 9 افراد کو شہید کردیا تھا۔

دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے وزیر آباد سے تعلق رکھنے والے سلیمان نواز کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

سلیمان نواز نے دہشت گردوں کے حملے کے دوران بچوں کو بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ سلیمان کی شجاعت کو بین الاقوامی میڈیا نے بھی سراہا ہے۔

عمان کے دارالحکومت مسقط میں متعین پاکستانی سفارت کاروں نے بھی سلیمان نواز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

سلمان نواز غیر شادی شدہ تھا اور دو ماہ قبل ہی روزگار کے سلسلے میں مسقط پہنچا تھا۔ شہید کی نماز جنازہ رات گئے جعفریہ کالونی وزیر آباد میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر رقت انگیز مناظر دیکھنے کو ملے۔

اہل خانہ اور رشتہ داروں کے علاوہ سلیمان کے احباب اور اہلِ علاقہ بھی نمازِ جنازہ میں شریک تھے۔ نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر ہر آنکھ پُرنم تھی۔

MASJID AMAM ALI

SULAIMAN NAWAZ

BURIED IN WAZIRABAD

MARTYRED IN OMAN