Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب کے تمام ڈاکٹرز کا صوبائی حکومت کے خلاف دھرنے اور بیوروکریسی سمیت سرکاری آفیسرز کا علاج نہ کرنے کا اعلان

وزیر اعلیٰ مریم نواز اور وزیر صحت سرکاری ہسپتالوں کو سیاست کا گڑھ نہ بنائیں، صدر وائے ڈی اے پاکستان
شائع 07 جولائ 2024 09:54pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

پنجاب بھر کے تمام ڈاکٹرز صوبائی حکومت کے خلاف میدان میں آگئے ہیں، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے) پنجاب کی مرکزی قیادت نے گجرات میں ہنگامی پریس کانفرنس اور کنونشن میں ہیلتھ کئیر کمیشن لاہور کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

پی ایم اے اور وائے ڈی اے پنجاب کی قیادت کا کہنا ہے کہ 24 جولائی کو پنجاب کے 42 اضلاع کے ڈاکٹرز کو دھرنے کی کال دیدی گئی ہے۔

پی ایم اے پنجاب کے صدر کرنل (ر) غلام شبیر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں دھرنا ہوگا، مطالبات منظور نہ ہونے پر آئندہ کا لائحہ عمل وضع کریں گے، دوسرے مرحلے میں بیوروکریسی سمیت سرکاری آفیسرز کا علاج نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صدر وائے ڈی اے پنجاب شعیب نیازی کا کہنا ہے کہ ایڈہاک ڈاکٹرز کو ریگولر کیا جائے، دیہاڑی پر ڈاکٹر رکھنے کی پالیسی منظور نہیں۔

ڈاکٹرز کی دونوں تنظیموں نے ری ویپمنگ کے دوران پیش آنے والے حادثات اور ہلاکتوں کا مقدمہ سیکرٹری ہیلتھ علی جان پر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

شعیب نیازی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کو مستقل نہ کرنا حکومت کی ناکامی ہے۔

اس موقع پر وائے ڈی اے پاکستان کے صدر عاطف مجید نے کہا کہ ہیلتھ کئیر کمیشن کے نام پر ڈاکٹرز کو ہراسمنٹ کا سلسلہ بند کیا جائے، وزیر اعلیٰ مریم نواز اور وزیر صحت سرکاری ہسپتالوں کو سیاست کا گڑھ نہ بنائیں۔

پی ایم اے سنٹرل کے صدر ڈاکٹر اظہار چوہدری نے کہا کہ سرکار کے بڑے دفاتر میں چھوٹے لوگ براجمان ہو چکے ہیں، جن کا ہیلتھ سے کوئی تعلق نہیں وہ طاقت کے بل بوتے پر ہیلتھ سسٹم کو چلا کر اسے تباہ کر رہے ہیں، ہسپتالوں میں مریضوں کو آنے والی مشکلات کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی۔

protest

PMA

YDA

Doctors' Protest