Aaj News

جمعہ, نومبر 01, 2024  
28 Rabi Al-Akhar 1446  

گلگت بلتستان: سیکیورٹی آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک، کوئی بڑی سڑک بند نہیں، ترجمان

گلگت بلتستان میں کوئی بڑا آپریشن نہیں کیا گیا، ترجمان گلگت بلتستان حکومت
شائع 04 جولائ 2024 07:26pm

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام مین روڈ اور بابوسر ناران ہائی وے سے دور ایک علاقے میں سیکورٹی آپریشن کے بعد شاہراہ قراقرم پر ٹریفک معمول کے مطابق ہے۔

اپنے ایک بیان میں فیض اللہ فراق نے کہا کہ سانحہ ہدر کے ایک ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں چھاپے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ”ہائی پروفائل“ دہشت گرد مارا گیا۔

خیال رہے کہ جی بی کے ضلع دیامر میں دو دسمبر کو مسافر بس پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوئے تھے۔

دیامیر میں چلاس کے علاقے ہدر پاری پوائنٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے مسافر بس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں دو فوجی بھی شامل تھے، جو چھٹیوں پر اپنے آبائی علاقوں کو جا رہے تھے۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے واضح کیا کہ مرکزی سڑکیں سرکاری طور پر بند نہیں کی گئی ہیں اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہدر واقعے سے منسلک ایک مشتبہ شخص کو پکڑنے کے لیے قراقرم ہائی وے اور بابوسر ناران روڈ سے دور ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ اس آپریشن کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اور اس واقعے میں ملوث اہم کمانڈر مارا گیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’صورتحال اب معمول پر آ گئی ہے اور بڑے پیمانے پر کوئی کارروائیاں جاری نہیں ہیں۔ زندگی معمول پر آگئی ہے اور سیکورٹی کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے‘۔