Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوہ سلیمان رینج میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ ، کئی گاڑیاں پھنس گئیں، اموات کی تعداد 7 ہوگئی

بلوچستان کو خیبرپختونخوا سے ملانے والی این 70 ہائی وے بھی ٹریفک کیلئے بند
اپ ڈیٹ 30 جون 2024 06:31pm
Heavy rain in east Balochistan - Aaj News

مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند ہیں اور بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں جبکہ بلوچستان میں 5 روز سے جاری بارشوں سے اموات کی تعداد 7 ہوگئی۔

مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے باعث کوئٹہ، چمن، ژوب مغل کوٹ سیکشن پر کوہ سلیمان کے دانہ سر رینج کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ دانہ سر کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند ہے، بلوچستان کو خیبرپختونخوا سے ملانے والی این 70 ہائی وے بھی ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔

پی ڈی ایم اے حکام نے پشاور، سوات، اسلام آباد اور پنڈی سے آنے والی ٹرانسپورٹ ڈی آئی خان پر روکنے کی ہدایات کی ہے، ژوب اور قلعہ سیف اللّٰہ جانے والی ٹرانسپورٹ کو بھی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مختلف شہروں میں بارش، لاہور میں 6 بچوں کو کرنٹ لگ گیا، بدین میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق پھنسے مسافروں کو ریسکیو و ریلیف کے لیے ٹیمیں روانہ ہوگئی ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹانے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

ضلع آواران کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارشیں ہوئی ہیں جبکہ سیڈ ندی میں طغیانی کے باعث آواران کا جھاؤ سے رابطہ منقطع ہوگیا، وہلی ندی میں طغیانی کے باعث آواران تربت روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔

بلوچستان میں شدید بارشوں سے 2 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

بلوچستان میں 5 روز سے جاری شدید بارشوں کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 25 افراد زخمی ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا کہ اموات ڈیرہ بگٹی،جھل مگسی، خضدار، بارکھان اور موسیٰ خیل میں ہوئیں، شدید بارشوں سے صوبے میں 258 مکانوں کو نقصان پہنچا، 29 مویشی بھی ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ 17 کلومیٹرطویل شاہراہوں اور 310 ایکڑ پر پھیلی فصلیں بھی بارش سے متاثر ہوئی ہیں۔

متعدد مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہیں بند ہوگئیں، محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔ موسیٰ خیل میں بارش کےباعث موٹرسائیکل ندی میں بہہ گئی ۔

بابوسر روڈ پرسیاحوں کی دو گاڑیاں ٹکرا کرکھائی میں گرگئیں

بابوسر کی طرف سے آنے والے گاڑی بریک فیل ہونے پر چلاس سائیڈ سے بابوسر کی جانب جانے والی ہائی روف سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد دونوں گاڑیاں گہری کھائی میں جا گریں۔ جس کے نتیجے میں ایک بچی اور ایک مرد موقع پر ہی دم توڑ گئے ہیں۔ جبکہ 13 کے قریب سیاح زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو کھائی سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی

دوسری جانب گزشتہ روز لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آگئی، موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے، شہر میں تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیشگوئی کردی، کوٹ لکھپت میں کرنٹ لگنے سے 6 بچے زخمی ہوئے، بدین میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق تین زخمی ہوگئے۔

بھارتی دارالحکومت دو دن کی موسلا دھار بارش میں ڈوب گیا

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی شدید گرم رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، بالائی سندھ اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان

Rain

Heavy rain

Landsliding

Balochistan Rain

east balochistan

Mount Solomon Range