Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کے صنعتکار آصف بلوانی کے قتل کا مقدمہ حل، اہم انکشافات

ملزمان بینک سے رقم لیکر نکلنے والوں کو زیادہ ٹارگٹ کرتے ہیں، ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی
شائع 19 جون 2024 07:54pm

کراچی میں ڈیفنس تھانے کی حدود میں صنعتکار آصف بلوانی کے قتل کا مقدمہ حل کرلیا گیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کا کہنا ہے کہ ملزمان کے گروہ کا تعلق اندرون سندھ سے ہے، ملزمان واردات سے پہلے الگ الگ ہوتے ہیں اور واردات کے وقت ایک ہوجاتے ہیں۔

شہر قائد میں گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے فلور مل کے تاجر آصف بلوانی کو قتل کردیا تھا۔ اس حوالے سے بدھ کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساجد سدوزئی نے بتایا کہ آصف بلوانی کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا، وہ بینک سے دس لاکھ روپے نکال کر گھر کی طرف جارہے تھے کہ ملزمان سے بچنے کے لئے کار تیز چلائی تو ان کی کار کے الیکٹرک کے کھمبے سے ٹکرا گئی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس کے ساتھ مقابلے میں صنعتکار کے قتل میں ملوث دو ملزمان گزشتہ دنوں مارے گئے، ان کی ہلاکت کے بعد اسلحہ کی فزانزک کروائی گئی۔ جس سے تصدیق ہوگئی کہ ملزمان نے آصف بلوانی کو قتل کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان ذوالفقار اور شیر علی درجنوں ورداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان بینک سے رقم لیکر نکلنے والوں کو زیادہ ٹارگٹ کرتے تھے۔ ملزمان کا گروہ شہر میں موٹرسائیکل اور اسٹریٹ کرائم کی ورداتوں میں بھی ملوث ہے، اس گروہ میں مختلف قومیت کے لوگ شامل ہیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق بینک کو ہدایت کی ہیں کہ بینک آنے والے تمام افراد کا بائیومیٹرک کریں تاکہ بینک آنے والے تمام افراد کا ریکارڈ موجود ہو۔