کراچی: کچرا اٹھانے والے صمد کو قتل کرنے والا سکیورٹی گارڈ گرفتار
کراچی کےعلاقے نارتھ کراچی میں کچرا اٹھانے والے 16 سالہ صمد کو قتل کرنے والا سکیورٹی گارڈ گرفتار کرلیا گیا، ملزم سکیورٹی گارڈ رمضان اسکارڈ نامی سیکیورٹی کمپنی کا ملازم تھا۔
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ کمپنی کے سپروائزر کو پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سرینا موبائل مال میں یوٹیوبر سعد کو بھی گارڈ نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا، ملزم احمد گل بھی گرفتار ہے۔
نارتھ کراچی سیکٹر الیون میں جمعہ کو معمولی سی تکرار کے دوران سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے کچرا چننے والا نوجوان صمد شدید زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔
اس واردات کے بعد سکیورٹی گارڈ فرار ہوگیا تھا، پولیس نے مقدمہ 16 سال کے مقتول عبدالصمد کے والد محمد عیوض کی مدعیت میں تھانہ سر سید میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار سکیورٹی گارڈ کی شناخت رمضان کے نام سے ہوئی ہے، گارڈ سکیورٹی کمپنی کا ملازم ہے، سپروائزر کو پولیس پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔
مقتول نوجوان نے بھائی نے بتایا تھا کہ گارڈ نے کچرا نہ اٹھانے پر صمد کو گولی ماری تھی، گارڈ اور لڑکے میں کچرا اٹھانے پر بحث ہوئی جس پر طیش میں آکر گارڈ نے لڑکے کے پیٹ میں گولی مار دی۔
زخمی بچے کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ ملزم گارڈ واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا۔
Comments are closed on this story.