Aaj News

منگل, ستمبر 17, 2024  
12 Rabi ul Awal 1446  

پی ٹی آئی کا 8 جون کو روات کے مقام پر جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ، جلسہ اب کہاں ہوگا

ضلعی انتظامیہ کا اجازت نامہ عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ
اپ ڈیٹ 02 جون 2024 09:31pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے اجازت نامہ کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 8 جون کو جلسہ کیلئے روات کے مقام کو مسترد کردیا ہے، تحریک انصاف کی قیادت نے 8 جون کو روات کے بجائے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

خیال رہے کہ انتظامیہ نے دو روز قبل پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں روات جی ٹی روڈ پر 8 جون کو 39 شرائط کی بنیاد پر جلسے کی اجازت دی تھی، تاہم اس حوالے سے اتوار کو پی ٹی آئی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں بیرسٹرگوہر، عمر ایوب خان، اسد قیصر، وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں پی ٹی آئی قیادت نے اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے جلسہ کے لیے 8 جون کو روات کا مقام متعین کرنے کے فیصلے کو مسترد کیا ، ساتھ ہی آٹھ جون کو روات کے مقام پر جلسہ نہ کرنے اور ضلعی انتظامیہ کا اجازت نامہ عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا۔

قائدین نے روات میں جلسے کی اجازت کو بدنیتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرامن جلسہ کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے، انتظامیہ نے جلسے کو سبوتاز کرنے اور خلل ڈالنے کیلئے دور دراز مقام طے کیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ضلعی انتظامیہ ایف نائن پارک، پریڈ گراؤنڈ یا ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دے، تحریک انصاف کی قیادت نے 8 جون کو روات کی بجائے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان کے مطابق 8 جون کو سوات میں اپوزیشن اتحاد جلسہ منعقد کرے گی، تحریک تحفظ آئین پاکستان کی پوری قیادت جلسہ میں شریک ہو گی۔ اہم اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات روف حسن، فردوس شمیم نقوی سمیت دیگر اہم رہنما بھی شریک ہوئے۔

اسلام آباد

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

islamabad jalsa