Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مری میں غیرقانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن، متعدد پلازے منہدم، 2 سرکاری اہلکار زخمی

آپریشن کے دوران فائرنگ پتھراو کرنے والے شرپسندوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی
شائع 23 مئ 2024 10:01am

مری میں تجاوزات اور جنگل کی زمین پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کے دوران انتظامیہ نے متعدد پلازے گردایے جبکہ آپریشن کرنے والےعملے پر شرپسندوں کی فائرنگ اور پتھراؤ سے 2 سرکاری اہلکار زخمی ہوگئے۔

وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر مری میں تجاوزات اور جنگل کی زمین پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کلین اپ کے دوران انتظامیہ اور آپریشن کرنے والے عملے پر شرپسندوں کے حملہ میں پتھر لگنے سے ایک سرکاری اہلکار زخمی ہوگیا۔

بانسرہ گلی،کارٹ روڈ، شارٹ کٹ روڈ، اپر جھیکا گلی روڈ، سرکٹ روڈ، لکوٹ ایکسپریس وے، دریا گلی اور شیوالا میں پنجاب حکومت کی جانب سے ایک بڑے آپریشن کے دوران کئی غیرقانونی عمارات منہدم کردی گئی۔

غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے دوران شرپسند عناصر کی جانب سے انتظامیہ اور آپریشن کرنے والے عملے پر پتھراؤ سے سرکاری اہلکاردانیال زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مری میں ایکسپریس وے کے ساتھ تعمیرات انتظامیہ نے گرا دیں، متاثرین پر لاٹھی چارج

انتظامیہ کے مطابق اس واقعے میں ملوث شرپسندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مری کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ آپریشن کا پہلا مرحلہ تھا، جس میں مشینری کی مدد سے خلافِ قواعد تعمیر کیے گئے پلازوں اور تجاوزات کو مسمار کردیا گیا ہے، آنے والے دنوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے مری انتظامیہ کو بہادری سے کارروائی کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات کی زمین واگزار کرانے والے عملے نے قانون کی سربلندی کے لیے زخم کھائے، انہوں نے پولیس کو قانون شکن حملہ آوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ مری میں خلافِ قاعدہ تعمیرات اور تجاوزات کی بھرمار سے متعلق متعدد رپورٹس موصول ہونے کے بعد پنجاب کی صوبائی حکومت نے ان تعمیرات کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ہر دباﺅ مسترد کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کیخلاف آپریشن کی منظوری دی تھی۔

operation

Murree

illegal constructions