Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ وفاقی کابینہ نے مسترد کردی، خامیاں دور کی جائیں گی

وزیراعظم کا فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار
اپ ڈیٹ 21 مئ 2024 09:32pm

وزیراعظم شہباز شریف فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ میں خامیاں ہیں، اس معاملے پر کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی معاشی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو آئی ایم ایف وفد کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کیسز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی، ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے رفقاء کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر تعزیتی قرار داد منظور کی گئی۔

سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا کمیشن سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرلی

فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ پر اٹارنی جنرل اور وزیر قانون نے رپورٹ کے اہم نکات بتائے جبکہ وفاقی کابینہ کو اٹارنی جنرل آف پاکستان کی جانب سے فیض آباد دھرنا واقعے کے انکوائری کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی اور اس حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کابینہ نے اس رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ انکوائری کمیشن نے اپنے ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق کام نہیں کیا۔

وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے کابینہ کی ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی جو اس سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ رپورٹ میں واقعی خامیاں ہیں اور یہ رپورٹ ٹی او آرز کے مطابق نہیں، فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ کے معاملے پر کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

وفاقی کابینہ نے چین کی جانب سے بلوچستان پولیس کو عطیہ کیے جانے والے پولیس ایکوپمینٹس آلات کو ڈیوٹی اور ٹیکس سے استثنیٰ دینے کی منظوری دی تاہم ان آلات پرفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لاگو ہو گی جبکہ کابینہ نے ہدایت کی کہ مستقبل میں اس طرح کے تمام عطیات اور گرانٹس ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کابینہ میں نئے نام شامل کرنے کا فیصلہ

کابینہ کی جانب سے وزارت داخلہ کی سفارش پر پاکستانی شہریت کے 3 ملزمان کی حوالگی کے سلسلے میں حکومت پاکستان اور حکومت برطانیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی بھی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے نیشنل اینیمل ہیلتھ، ویلفیئر اینڈ ویٹرنری پبلک ہیلتھ ایکٹ 2024 کے حوالے سے قانون سازی کرنے کی اصولی منظوری دی۔

فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس کمیشن رپورٹ ٹی او آر کے بر خلاف قرار

وزیراعظم نےاسلام آباد اور گرد ونواح کے لئے ایک اعلیٰ معیار کے سلاٹر ہاؤس بنانے کی ہدایت کی جبکہ نیشنل لائیو اسٹاک بریڈنگ پالیسی 2022 پر نجی شعبے سے مشاورت کے بعد اسے دوبارہ کابینہ کو پیشِ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے فلسطین کے لئے این ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی سامان بھجوانے کی بعد از وقوع / ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دے دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت پاکستان اب تک 931 ٹن کا امدادی سامان 6 ہوائی اور 2 بحری جہازوں کے ذریعے فلسطین پہنچا چکی ہے۔

federal cabinet

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

federal cabinet meeting

faizabad dharna case

Faizabad Dharna Commission