Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیر اعظم کا ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم

شہباز شریف سے ترک وزیرِ خارجہ کی ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ پر گہرے اطمینان کا اظہار
شائع 20 مئ 2024 05:03pm

وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کردیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیرِ خارجہ نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین برادرانہ تعلقات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

وزیرِاعظم نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم بہترین باہمی تعلقات سے ہم آہنگ نہیں۔

پاکستان اور ترکیہ کا دفاعی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون جاری رہنے کا اعادہ

وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں پاکستان کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا عزم کیا۔

شہباز شریف نے آئندہ تین برس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے قومی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی۔

وزیرِاعظم شہبازشریف نے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں عالمی و علاقائی حالات بالخصوص غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی ملاقات میں گفتگو ہوئی۔

وزیرِاعظم نے مشرقِ وسطی میں مستقل امن کیلئے دو ریاستی حل کی کلیدی اہمیت پر زوردیا۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

turkiye

hakan fidan

turkey foreign minister