Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اراکین پارلیمان کا کھپت میں کمی کیلئے تمباکو مصنوعات پر ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ

'قیمتوں میں اضافے سے سگریٹ کو نوجوانوں کی پہنچ سے دور کیا جا سکتا ہے'
شائع 18 مئ 2024 05:55pm

اراکین پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ تمباکو کا استعمال نوجوانوں اور قوم کے لیے خطرناک ہے، اس لیے تمباکو مصنوعات پر ٹیکس بڑھا کر اس کی کھپت میں کمی لائی جائے۔

اراکین پارلیمنٹ نے تمباکو کے استعمال کو نوجوانوں اور قوم کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ملک میں تمباکو کی مصنوعات پر ٹیکس بڑھا کر اس کی کھپت کو کم کرنے کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا ہے۔

ہیومن ڈویلپمنٹ فانڈیشن (ایچ ڈی ایف) اور شراکت دار تنظیموں کے زیر اہتمام ایک تقریب میں تمباکو کے استعمال کے وسیع اثرات سے نمٹنے کے لیے جامع طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے پالیسی سازوں، ماہرین، کارکنوں اور اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

تقریب سے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ سے سگریٹ کو نوجوانوں کی پہنچ سے دور کیا جا سکتا ہے۔

صحت عامہ کے تحفظ اور سماجی بہبود کو فروغ دینے کے لیے تمباکو کنٹرول کے موثر اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شہلا رضا نے کہا معاشرے میں تمباکو کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے پوری قوم اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اس موقع پر پاکستان میں قائم تھنک ٹینک سینٹر فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ (سی آرڈی) کی ڈائریکٹر مریم گل طاہر نے کہا کہ سروے سے پتہ چلتا ہے کہ سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے 18 فیصد لوگوں نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی ہے۔ٹیکس میں اضافہ صحت عامہ اور حکومتی محصول دونوں کے لیے ایک جیت کا وعدہ کرتا ہے۔

تقریب کے دوران ڈبلیو ایچ او کے ٹیکنیکل ایڈوائزر شہزاد عالم نے کہا کہ تمباکو کی غیر قانونی تجارت پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر پاکستان میں سگریٹ کی غیر قانونی تجارت تمباکو کی صنعت کے دعووں کے برعکس کل تجارت کا صرف 23.1 فیصد ہے۔

اس موقع پر رکن پارلیمنٹ نیلسن عظیم نے کہا کہ پاکستان میں تمباکو سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے صحت کی دیکھ بھال کے چیلنجز ہیں۔ قوم کو صحت کی دیکھ بھال پر سالانہ 615 ارب روپے کے خطرناک بوجھ کا سامنا ہے۔

محمد صابر نے تمباکو پر ٹیکس میں اضافے کے فوائد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جولائی 2023 سے جنوری 2024 کے درمیان ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو 122 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

تقریب کا اختتام تمباکو کے استعمال کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔

cigarettes

tobacco

Tax on Cigarettes

cigarettes tax

Cigarette Brands

Federal Excise Duty on Cigarettes

10 stick Cigarette Pack

Imf on tobacco

Cigarette quitting cause Obesity