Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آزاد کشمیر میں بعض شرپسندوں نے صورتحال بگاڑ نے کی کوشش کی، وزیراعظم

شہباز شریف کا شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کو امدادی پیکج دینے کا اعلان
اپ ڈیٹ 17 مئ 2024 08:32am

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بعض شرپسند عناصر نے صورت حال کو بگاڑ نے کی کوشش کی لیکن سنجیدہ کوششوں سے امن کی فضا بحال کردی گئی، 23 ارب روپے آزاد کشمیر کے اکاؤنٹ میں آچکے ہیں، شہدا کے اہلخانہ کو امدادی پیکج دیں گے۔

مظفرآباد میں آزاد کشمیر کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ گزشتہ دنوں کے واقعات بہتر طور پر حل ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سےدیکھتے ہیں۔ ریاست کے عوام اپنے قومی مفاد کو بہتر طریقے سے جانتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر پر بھر پور آواز اٹھائی گئی، ایران کے صدر سے بھی مسئلہ کشمیر پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

وزیر اعظم نے مظاہروں کے دوران شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کو امدادی پیکج دینے کا اعلان بھی کیا، اجلاس میں گزشتہ دنوں جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اس سے قبل ایک روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے شہباز شریف کا استقبال کیا تھا۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے گزشتہ دنوں مہنگائی کے خلاف اور بجلی سستی کرنے کے لئے احتجاج کیا اور ملک بھر سے دارالحکومت مظفرآباد کی طرف مارچ شروع کیا۔

اس دوران پُرتشدد مظاہروں کے دوران پولیس اور شرکاء کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی۔ مختلف واقعات میں پولیس اے ایس آئی سمیت 3 افراد جان سے گئے جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

آزاد کشمیر کی فضا کئی روز تک کشیدہ رہی جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب کیا اور آزاد کشمیر کے عوام کو ریلیف دینے کا بڑا اعلان کیا۔

وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے بڑا ریلیف ملنے کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے آزاد جموں و کشمیر میں ہڑتال اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

azad kashmir

PM Shehbaz Sharif

Azad Kashmir Protest