Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آزاد کشمیر احتجاج میں شہید انسپکٹر عدنان قریشی کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں لوگوں کی شرکت

راستے میں عوام علاقہ اور پولیس جوانوں نے ایمبولینس پر گل پاشی کی
اپ ڈیٹ 13 مئ 2024 08:35am

آزاد کشمیر میں احتجاج کے دوران فائرنگ سے شہید ہونے والے سب انسپکٹر عدنان قریشی کی نماز جنازہ ضلع میرپور کے قائداعظم اسٹیڈیم میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی، شہید کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

آزاد کشمیر پولیس کے ہونہار سب انسپکٹر عدنان قریشی اسلام گڑھ واقعہ میں گزشتہ روز گولی لگنے سے شہید ہوگے تھے، ان کی میت کو کمشنر چوہدری شوکت علی، ڈی آئی چوہدری سجاد حسین، ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض، ایس ایس پی کامران علی، ایڈیشنل ایس پی خاور علی شوکت، مجسٹریٹ و پولیس افسران اور پولیس جوان ایمبولینس کے آگے پیدل چل کر سرکاری گاڑیوں کے پروٹوکول کے ہمراہ کرکٹ اسٹیڈیم لائے۔

راستے میں عوام علاقہ اور پولیس جوانوں نے ایمبولینس پر گل پاشی کی۔

جب شہید کا جسد خاکی کرکٹ اسٹیڈیم لایا گیا تو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی۔

اس موقع پر کمشنر چوہدری شوکت علی، ڈی آئی جی چوہدری سجاد حسین اور ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے کہا کہ شہید کی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ سب انسپکٹر عدنان قریشی شہید ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران شہادت پائی، ان کی اس عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حکام کا کہنا تھا کہ جن شرپسند عناصر نے ریاست کے امن کو خراب کیا ہے ان کے خلاف قانون و قاعدے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ اور پولیس عوام کی محافظ ہے لیکن ریاست کے امن کو خراب کرنے اور انارکی پھیلانے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے امن و امان کے قیام کے لیے حکمت عملی پر خراج تحسین پیش کیا۔

Inspector Adnan Qureshi

Azad Kashmir Violence

Azad Kashmir Protest