Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

صحافت کا عالمی دن: صدر مملکت اور وزیراعظم کا میڈیا ورکرز کو خراج تحسین

صحافیوں کو ڈر اور خوف سے پاک ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے، پیغام
شائع 03 مئ 2024 11:02am

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے صحافت کا عالمی کے حوالے سے دنیا بھرمیں سچائی کی جنگ لڑنے والے صحافیوں، اہل قلم، کیمرہ مینوں اور میڈیا ورکرزکوخراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کو اپنا کام کرنے میں چیلنجزکا سامنا ہے، پاکستان کا آئین آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے۔

صدرآصف علی زرداری نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ یہ دن آزادی صحافت کی صورتحال پرغورکرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

آصف زردری نے کہا کہ عالمی مسائل بارے آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے، دنیا بھرمیں صحافیوں کو اپنا کام کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے، صحافیوں کو ڈر، خوف، ہراسیت سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے، پاکستان کا آئین آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں دنیا بھرمیں سچائی کی جنگ لڑنے والے صحافیوں، اہل قلم، کیمرہ مینوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کہ غزہ میں کوریج کے دوران جان قربان کرنے والے مرد وخواتین صحافی انسانیت کے ہیروزہیں ۔۔ صحافت اوراظہارکی آزادی جمہوریت کی بنیاد، شہری حقوق کے تحفظ کی دیوار اورمعاشرے میں سچائی کی پکار ہے ۔۔ میڈیا اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پیشہ وارانہ صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مشکلات، مسائل ، دھمکی آمیز رویوں اور زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔

پاکستان پریس فائونڈیشن کے ابتک اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 78 صحافی قتل ہوچکے ہیں ، سندھ میں 18 ،بلوچستان میں 21 خیبر پختوخواہ 29 ، پنجاب میں 6 اور دارلحکومت اسلام آباد ایک شامل ہے ۔